مال مویشیوں کے ہمراہ لوگوں کی بالائی علاقوں میںموسمی نقل مکانی کی اجازت

DODA, MAY 9 (UNI):-Bakkarwal nomads with their belongings moving towards upper reaches of Chinab region from Jammu plains to escape summer heat, in Jammu and Kashmir on Saturday. UNI PHOTO-36U

مال مویشیوں کے ہمراہ لوگوں کی بالائی علاقوں میںموسمی نقل مکانی
اجازت دینے کے لئے مختلف ضلع مجسٹریٹ نے ہدایات جاری کیں
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//انتظامیہ نے لاک ڈاو¿ن کے دوران میدانی علاقہ جات سے ڈھوکوں، بہکوں میں مال مویشیوں کے ہمراہ لوگوں کی موسمی نقل مکانی کی ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ فیصلہ مختلف سیاسی، سماجی وعوامی حلقوں سے پرزور مطالبہ کے بعد کیاگیا ہے کیونکہ مال مویشی اور بھیڑ بکری پالنے کا کام کرنے والوں کے لئے موسمی نقل مکانی ناگزیر ہے بصورت دیگر اُن کی روزی روٹی متاثر ہوکر رہ جائے گی۔ اس سلسلہ میں صوبہ جموں کے مختلف ضلع ترقیاتی کمشنروں نے الگ الگ حکم نامے جاری کئے ہیں۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (امن وقانون)جموں کی طرف سے جاری حکم نامہ میں پولیس ،جنگلات اور محکمہ مال محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کویڈ۔19لاک ڈاو¿ن سے پیداشدہ صورتحال کے دوران میدانی علاقہ جات سے مرکزی زیر انتظام جموں وکشمیر کے پہاڑی علاقوں میں مال مویشیوں کے ہمراہ لوگوں کی نقل مکانی یقینی بنائے جائے، اس دوران سماجی دوری اور دیگر احتیاطی اقدامات اٹھائے جائیں۔ یہ بات بھی یقینی بنائی جائے کہ خانہ بدوش کنبہ جات کے افراد صفائی ستھرائی کا خا ص خیال رکھیں، مال مویشیوں کے ہمراہ ماسک پہنے رکھیں۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلات کی طرف سے جاری MOTOکو ہی ضلع جموں سے دیگر اضلاع کے پہاڑی علاقہ کی طرف کوچ کرنے کا اجازت نامہ/پرمٹ تصور کیاجائے، جن کے پاس MOTOنہیں ہے ، انہیں متعلقہ تحصیلدار کے صلاح ومشورہ سے محکمہ جنگلات سرٹیفکیٹ/اجازت نامہ فراہم کریگا۔ ضلع مجسٹریٹ کٹھوعہ اوم پرکاش بھگت نے گوجر بکروالوں کی موسمی نقل مکانی سے متعلق جاری ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بلاور، بسوہلی، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کٹھوعہ اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ ہیرانگر/بنی کو ہدایت دی ہے کہ متعلقہ ڈی ایف او کی طرف سے جاری MATOOاور متعلقہ ایس ایچ او، تحصیلدار اور سرپنچ کی طرف سے جاری این او سی کی بنیاد پر خانہ بندوش کنبوں کو پیدل یا گاڑیوں پر موسمی نقل مکانی کی اجازت دی جائے۔ ضلع مجسٹریٹ نے مزید کہا ہے کہ بہت سارے افراد نے اُن کے دفتر سے رجوع کیا ہے کہ انہیں کٹھوعہ، ڈوڈہ، کشتواڑ اور اودھم پور کے پہاڑی علاقہ جات میں موسمی نقل مکانی کے لئے پیدل یا گاڑیوں پر جانے کی اجازت دی جائے۔ ضلع مجسٹریٹ پونچھ راہل یادو نے بھی ایس ڈی مینڈھر، سرنکوٹ،تحصیلدار، حویلی، منڈی، سرنکوٹ، مینڈھر، بالاکوٹ اور منکوٹ کو ہدایت دی ہیں کہ اُن خانہ بدوش کنبہ جات جوکہ پیدل مائیگریٹ کرنا چاہتے ہیں، کو متعلقہ ڈی ایف او، ایس ایچ او سرپنچ کی اطمینان بخش رپورٹ پر اجازت نامہ دیاجائے۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا ہے کہ سبھی کنبہ جات کو اندرونِ ضلع بھی نقل مکانی کے لئے مستند اجازت نامہ لینا ہوگا۔ انہوں نے چیف میڈیکل افسر پونچھ، ضلع شیپ ہسبنڈری افسر پونچھ، چیف انیمل ہسبنڈری افسر کو ہدایت دی ہے کہ وہ نقل مکانی کرنے والے کنبہ جات کی مناسب اسکریننگ کو یقینی بنائیں اور ان میں ہاتھ سے تیار ماسک تقسیم کئے جائیں۔ادھر راجوری میں بھی اجازت ناموں کے لئے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ تحصیلدار تھنہ منڈی نے اس ضمن میں جاری ایک سرکولر میں کہا ہے کہ تھنہ منڈی کے مختلف دیہات کے لوگ جومال مویشیوں کے ہمراہ نقل مکانی کرنا چاہتے ہیں انہیں 16اپریل تا 27اپریل موسمی پرمٹ جاری کئے جائیں گے۔