پونچھ میں سیاسی وسماجی لیڈران کی صرف زبانی جمع خرچی،ایک روپیہ کی امداد بھی انتظامیہ کو نہیں دی

خطہ پیر پنچال میں کورونا مخالف لڑائی میں عوام کا مالی تعاون
راجوری میں 30لاکھ روپے فنڈز جمع
پونچھ میںسیاسی وسماجی لیڈران کی صرف زبانی جمع خرچی،ایک روپیہ کی امداد بھی انتظامیہ کو نہیں دی
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//پچھلے دنوں سوشل میڈیا پر متعدسیاسی لیڈران نے اپنی خوب بھڑاس نکالی کہ پونچھ کے اندر ونٹی لیٹرز اور دیگر طبی سہولیات دستیاب نہیں، یہ تجویز پیش کی گئی کہ سابقہ اراکین قانون سازیہ، سیاسی جماعتوں سے وابستہ لیڈران، پنچایتی ممبران اور صاحبِ ثروت لوگ نجی سطح پر مالی تعاون دیں تاکہ وینٹی لیٹرز وغیرہ خریدے جاسکیں۔کئی لیڈران نے اخبارات وٹیلی ویژن چینلوں کے ذریعے بھی ایکدوسرے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔اس بحث کا اثر یہ ہوا کہ راجوری میں کئی لوگ اس کے لئے سامنے آئے جہاں ضلع انتظامیہ کی طرف سے ’ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ ریلیف فنڈ‘کا اکاو¿نٹ کھولاگیا جس میں اب تک 30لاکھ کے قریب رقم جمع ہوچکی ہے۔ ایڈمنسٹریٹراوقاف راجوری اور اُن کی اہلیہ نے قریب 15لاکھ روپے کی رقم عطیہ کی، علاوہ ازیں تین بہن بھائیوں جس میں سے ایک کا یومِ پیدائش تھا، نے جنم دن منانے کی بجائے جیب خرچہ سے11ہزار روپے ضلع انتظامیہ کو کورونا مخالف لڑائی کے لئے دیئے۔دیگر کئی لوگ بھی اِس میں معاونت کر رہے ہیں۔ ڈی سی راجوری محمد نذیر شیخ نے اُڑان کو بتایاکہ 15لاکھ روپے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کو وینٹی لیٹرز کی خریداری کیلئے دے دیئے گئے ہیں جبکہ بقیہ رقم بھی صرف شعبہ صحت پر ہی خرچ کی جائے گی۔ وہیں دوسرے اور ضلع پونچھ جہاں سے سب سے زیادہ سیاسی لیڈران، کارکنان نے اس معاملہ کو لیکر آسمان سر پر اُٹھالیاتھا، پر عملی طور ایک روپیہ بھی ضلع انتظامیہ کو نہیں دیاگیاہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادو نے بتایاکہ ابھی تک کسی بھی شخص نے انتظامیہ کی کوئی مدد نہ کی ہے، اُن کے پاس جووسائل ہیں، انہیں بروئے کار لاکر کورونا مخالف لڑائی لڑنے کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے۔ڈی سی موصوف نے پونچھ ضلع میں کوئی بھی وینٹی لیٹرز نہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایاکہ ضلع اسپتال پونچھ کے اندر آئی سی یو نظام نصب کرنے کا عمل جاری ہے،گیس کے لئے پائپیں لگانے کا کام چل رہاہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ وینٹی لیٹرخاص مقصد کے لئے درکار ہوتا ہے،اِس کو دستیاب کرلینے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ موصوف نے بتایاکہ اِس وقت گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں، گاندھی نگر اسپتال جموں سمیت جموں وکشمیر میں کویڈ۔19کے لئے 16اسپتال مخصوص کئے گئے ہیں جہاں صرف کورونا متاثرہ مریضوں کا ہی علاج ومعالجہ ہوگا، پونچھ سے ابھی کوئی مصدقہ معاملہ سامنے نہیں آیا،اگر آتاہے تو اُس کو جموں روانہ کیاجائےگا کیونکہ یہاں پر ابھی دوسرے مریضوں کا علاج چلتاہے۔اگر صورتحال زیادہ نازک ہوئی تو گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کو کورونا اسپتال ڈکلیر کیاجائے گا ، پھر اگر مزید ضرورت پڑی تو پونچھ کے اندر بھی کسی اسپتال کو کویڈ۔19اسپتال قرار دیاجائےگا، ابھی فی الحال حکومت نے جواسپتال کویڈ۔19ڈکلیر کئے ہیں، اُن میں ہی سبھی سہولیات دستیاب کرانے پر توجہ دی جارہی ہے۔