لاک ڈاون میں توسیع ہوئی توکسان طبقہ کو بھاری نقصان کا احتمال

لاک ڈاون میں توسیع ہوئی توکسان طبقہ کو بھاری نقصان کا احتمال
پرنسپل سیکریٹری کی صدارت میں ہنگامی میٹنگ منعقد، فصل کٹائی کی اجازت دینے کا حکم
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//جموں وکشمیر میں جاری کورونا وائرس لاک ڈاو¿ن سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ کسان طبقہ بھی پریشان حال ہے۔ کسانوں کو حدشہ ہے کہ اگر لاک ڈاو¿ن میں توسیع کی گئی تو وہ فصل نہیں کاٹ سکیں گے۔14اپریل کے بعد اگر لاک ڈاو¿ن جاری رہا ہے تو عام لوگوں کے ساتھ ساتھ کسانوں پر بُر ااثر پڑے گا جوکہ گندم /سروسوں کی فصل کٹائی کا انتظار کر رہے ہیں۔ پورن چند نامی کسان نے بتایاکہ دو ہفتے کے بعد گندم پک جائے گی، لہٰذا فکرستا رہی ہے کہ اِس کو کاٹیں گے کیسے۔پہلے مزدور بیرون ریاست سے آتے تھے کو کٹائی کرتے تھے، اِس بار وہ بھی نہیں ، خود مالکان کے لئے گندم کی فصل کٹائی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح پنجاب سرکار نے کسانوں اور شعبہ زراعت سے جڑے لوگوں کو راحت دی ہے ، اسی طرح یہاں بھی ایسے اقدامات اُٹھائے جائیں۔ باہر سے مزدوروں کو فصل کٹائی کے لئے اجازت دی جانی چاہئے۔صوبہ جموں کے میدانی علاقہ جات جس میں اودھم پور، ریاسی، جموں، اکھنور، سانبہ، وجے پور، کٹھوعہ، ہیرا نگر، بشناہ، ارنیا، وغیرہ شامل ہیں میں ہزاروں کنال ہیکٹراراضی پر گندم کی فصل ہے، جس کی کٹائی کے لئے بہت زیادہ لیبر کی ضرورت ہے، جوکہ مقامی سطح پر دستیاب نہیں، اس کے لئے زمین مالکان کا زیادہ انحصار بیرون ریاست کے مزدوروں پر رہتا ہے جوکہ لاک ڈاو¿ن سے بیشتر بھاگ کر چلے گئے ہیں اور جویہاں ہیں، انہیں باہر نکلنے کی اجازت نہیں۔ وجے پور کے نذیر حسین اور رومیش رندھاوا نامی کسانوں نے بتایاکہ انہیں بھاری نقصان ہونے کا ڈر ہے، ایک قلعہ یعنی 8کنال اراضی پر گندم پردس سے پندرہ ہزار روپے کاخرچہ آتا ہ ے، پہلے ہی بارش سے فصل اچھی نہیں ہوئی، اب اگر وقت پر فصل کاٹی نہ گئی تو بڑا نقصان ہوگا، مہنگائی بہت بڑھ جائے گی۔ جمعرات کو کسانوں نے ذرائع ابلاغ کے ذریعے اپنے حدشات کا اظہار کیا جس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بھیڑ و پشو پالن محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے محکمہ کے اَفسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میں کسانوں کو آنے والے موسم میں فصلوں کی کٹائی کی اجاز ت دینے کے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ فصلوں کی کٹائی کے لئے کسانوں کو نقل و حمل کی اجازت دیں۔اُنہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ لازمی طور ماسکس پہنیں اور فیلڈ دوروں کے دوران سماجی دور ی بنائے رکھیں۔اُنہوں نے ضلع کی منڈیوں میں ضروری سازو سامان کی حصولیابی کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کیں اور افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اِقتصادیات کی بقا کے لئے کسانوں کو کام کرنے کی خاطر ایک لائحہ عمل تیار کریں۔سبزیوں اور پھلوں کے کسانوں کو مدد فراہم کرنے کے لئے نوین چودھری نے ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ او پی بھگت کو ہدایت دی کہ وہ فصلوں کی خرید و فروخت کے لئے مخصوص مقامات کی نشاندہی کریں اور اس میں سماجی دوری کے اصول کی عمل آوری کا خاص خیال رکھیں۔انہوں نے افسروں نے کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ پولٹری دکانوں پر سرکار کی ہدایات پر عمل آور کی جارہی ہے۔آنے والے ممکنہ بارشوں کے سیزن کے دوران نوین چودھری نے زراعت اور باغبانی محکموں کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ایک لاکھ پودے لگانے کے نشانے کو حاصل کریں اور ایلوویرا کے علاوہ بانس کے پودے لگانے کو بھی یقینی بنائیں۔کسانوں کی آمدن کو دوگنا کرنے کے لئے نوین چودھری نے کاشتکاری کے عمل میں جدید ترین ٹیکنالوجی کو عمل میں لانے پر زور دیا۔اُنہوں نے زراعت ، باغبانی ، بھیڑ و پشو پالن محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اِن شعبوں کو مزید فروغ دینے کے لئے مناسب لائحہ عمل تیار کریں۔ ربیع او رخریف سیز ن کے دوران کسانوں کو آبپاشی کے لئے پانی فراہم کرنے کے لئے کئے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ناظم زراعت جموں اندرجیت ، ڈائریکٹر سی اے ڈی سمیتا سیٹھی اور دیگر کئی افسران موجود تھے۔