راجوری اور پونچھ اضلاع میں درجنوں افراد گرفتار

راجوری اور پونچھ اضلاع میں درجنوں افراد گرفتار
متعدد نوجوانوں پر پبلک سیفٹی ایکٹ بھی نافذ، اہل خانہ پریشان حال
اڑان نیوز
پونچھ//راجوری//پانچ اگست 2019کو مرکزی حکومت کی طرف سے دفعہ 370کی منسوخی اور جموں وکشمیر تنظیم نو قانون کی منظوری کے بعد پیداشدہ صورتحال کے بیچ خطہ پیر پنچال کے سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں بھی درجنوں افراد کو حراست میں لیاگیا ہے جن میں بیشتر نوجوان شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق کرفیو اوردفعہ144کے تحت سخت ترین پابندیوں کے باوجود مرکز کے اِس فیصلہ کے خلاف افراد نے کچھ مقامات پر احتجاج کرنے یا مخالفت کے لئے جمع ہونے کی کوشش کی جن کے خلاف یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ذرائع کے مطابق سرنکوٹ، بفلیاز، پونچھ،منڈی، تھنہ منڈی، راجوری، مینڈھر میں پچھلے انیس دوران کے دوران اکا دقاواقعات میں ملوث درجنوں نوجوانوں کو گرفتار کیاگیاہے جن میں سے متعدد پر پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کر دیاگیاہے۔ذرائع کے مطابق حالات پر نظر رکھنے کے لئے انتظامیہ کی طرف سے قصبہ جات اور ہم حساس مقامات پر ڈراو¿ن کیمروں کا استعمال کیاجارہاہے جس میں دن بھر کی تمام سرگرمیوں کا قید کیاجاتاہے اور جہاں کہیں بھی کوئی ایسی حرکت کرتا ہے جوکہ حکومت ِ وقت کے خلاف ہے یاپھر امن وامان کے لئے خطرہ ہے، ان کی ویڈیو فوٹیج میں نشاندہی کر کے پھر ان کی گرفتاری عمل میں لائی جاتی ہے۔ گرفتاری کاطریقہ کارmodus operandi یہ ہے کہ مقامی پولیس صرف ایسے افراد /نوجوانوں کا نام و پتہ بارے معلومات جمع کر کے ان کی نشاندہی کراتی ہے جبکہ گرفتاری ایس ایس بی یا دیگر مرکزی پیرا ملٹری فورسز کے جوان عمل میں لاتے ہیں۔ہمیشہ گرفتاری جب کوئی اکیلا ہو، اُس وقت عمل میں لائی جاتی ہے تاکہ کسی دوسرے کو کانوں کان خبر نہ ہو۔ ذرائع کے مطابق فون اور انیٹرنیٹ سروسز بند ہیں، اِس لئے مقامی لوگوں کو معلوم ہی نہیں گرفتار کون کون ہے اور اس طرح عمل میں لائی گئی گرفتاریوں کی تعداد کتنی ہے۔جن جن نوجوانوں کو گرفتار کیاگیا ہے ان کے والدین، رشتہ دار اور عزیز واقارب بہت پریشان حال ہیں ۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ انہیں ملاقات کرنے کی بھی اجازت نہیں۔ یاد رہے کہ مین اسٹریم سیاستدانوں کے علاوہ سماجی ومذہبی شخصیات کو بھی یاتو خانہ نظر بند رکھاگیا ہے یا پھر انہیں سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ موجودہ حالات پر قولاً یا فعلاًمکمل خاموشی اختیار کریں تاکہ حالات جلد معمول پر آسکیں۔