مودی حکومت نے دھوکہ دیا:فاروق عبداللہ

اس فیصلہ کے خلاف عدالت میں قانونی لڑائی لڑیں گے
اڑان نیوز
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے لیڈر فاروق عبداللہ کا جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد پہلا رد عمل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے اپنی رہائش گاہ واقع گپکار سے گیٹ کے باہر کھڑے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ مرکز کی مودی حکومت نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے۔ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کی بات کرتے ہوئے ان کی آنکھوں سے آنسو آ گئے۔ انھوں نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت ایسا کیسے کر سکتی ہے، جب کہ جموں و کشمیر کو اس کی آئینی گارنٹی دی گئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ مجھے میرے گھر سے جانے نہیں دیا جا رہا ہے۔ ایسا لگ رہا ہے جیسے میرے گھر میں ہی مجھے جیل کر دیا گیا ہے۔فاروق عبداللہ نے یہ بیان ٹھیک اس وقت دیا جب ان کے بیان سے کچھ دیر پہلے ہی وزیر داخلہ امت شاہ نے لوک سبھا میں جموں و کشمیر تشکیل نو بل پر بحث کے دوران ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ فاروق عبداللہ کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ فاروق عبداللہ کو حراست میں بھی نہیں لیا گیا ہے، وہ اپنے گھر پر ہیں۔دفعہ 370کی منسوخی کو ’جسم دفنانے‘کے مترادف قرار دیتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہاکہ مودی حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف عدالت میں لڑائی لڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ آمرانہ ہے نہ کہ جمہوری‘‘۔نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہاکہ ’’آپ نے دیکھا مجھے گھر میں نظر بند کیاگیاہے اور میں سمجھتا ہوں کہ وزیر داخلہ جھوٹ بول سکتے ہیں کہ فاروق عبداللہ نظر بند نہیں، وہ اپنی مرضی سے گھر میں ہے،جوکہ سچ نہیں ہے، وہ آپ دیکھ رہے ہیں، کسی کو میرے گھر آنے کی اجازت نہیں دی جارہی، میرے گھر پر بڑا تالاچڑھایاگیاہے، اگر میں نے زور کیا جانا کاباہر، میں نہیں جانتا کہ کتنے میرے سیکورٹی اہلکاروں کو برخاست کیاجائے گا‘‘۔ انہوں نے کہاکہ کیا وہ لوگوں کے دلوں کو بھی تقسم کرنا چاہتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ وہ ہندو کو ایک طرف ، مسلم کو ایک طرف اور بدھسٹوں کو ایک طرف کرنا چاہتے ہیں، یہ کہتے ہوئے فاروق عبداللہ رو پڑے۔ یہ میں نے ہندوستان نہیں دیکھا، یہ ہندوستان ہم سب کا ہندوستان ہے، ہندو ہو، مسلم ہو، سکھ ہو،عیسائی ہو، یہ سب کا ہندوستان تھا۔ فاروق عبداللہ نے مزید کہاکہ’’میں شاہد مرجاؤں کیونکہ میری صحت ٹھیک نہیں لیکن میں اپنی ریاست کی عوام اور ہندوستان کے لوگوں کے لئے ایک پیغام چھوڑجانا چاہتا ہوں کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور مجھے امید ہے کہ آپ بھی ہمارا ساتھ دیں گے ، دعا کریں کہ ملک میں جمہوریت لوٹ آئے، ملک میں سیکولر ازم لوٹ آئے۔