ڈوڈہ میں دلدوز سڑک حادثہ دو بھائی سمیت چار ہلاک، 9 زخمی

محمد اصغر بٹ
ڈوڈہ//خطہ چناب کے ضلع ڈوڈہ میں جمعرات کی رات دیر گئے ایک دلدوز سڑک حادثے میں دو بھائی سمیت چار مسافر از جان جبکہ دیگر 9 زخمی ہوئے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ میں جمعرات کی رات دیر گئے ایک تویرا گاڑی سڑک سے لڑھک کر کھیلانی نالے میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 13 مسافر شدید زخمی ہوئے۔زخمیوں کو ضلع ہسپتال ڈوڈہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے چار زخمیوں کو مردہ قرار دیا۔چیف میڈیکل افسر ڈوڈہ ڈاکٹر مشتاق احمد نے حادثے میں چار مسافروں کی موت اور دیگر نو کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔انہوں نے مہلوکین کی شناخت بادل، اس کا بھائی اکشے کمار پسران بھوشن کمار، اشونی کمار ولد مدن لال اور چنکو رام ولد بھگت رام ساکنان کنادی بالا کے بطور کی۔ڈاکٹر مشتاق نے بتایا کہ زخمیوں میں سے پانچ شدید طور زخمی ہونے والوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کیا گیا ہے۔ زخمیوں کی شناخت منیش کمار ولد بھوشن کمار ساکنہ کناڈی بالا، اتامہ دیوی زوجہ بھوشن کمار ساکنہ کماڈی بالا، بھوش کمار ولد بھنسی لال ساکنہ کمادی بالا، منتو کمار ولد شب لال ساکن کماڈی بالا، سریش کمار ولد بھگت سنگھ ساکنہ کماڈی بالا، راج کمار ولد شیش کمار ساکنہ کماڈی بالا، شیتل دیوی دختر بھوشن کمار ارتی دیوی دختر انار چند ساکن پریوتی اور سونی دیوی دختر انار چند ساکنہ پاریوتی کے بطور ہوئی ہے۔دریں اثنا دریں ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔اس دوران ریاستی پولیس کی طرف سے جاری ایک پریس بیان میں کہا گیا کہ حادثہ کا شکار ہونے والی گاڑی جموں سے ڈوڈہ جارہی تھی۔ بیان کے مطابق حادثہ رات کے قریب ساڑھے دس بجے پیش آیا اور گاڑی ایک سو سے ڈیڑھ سو فٹ گہری کھائی میں جاگری۔