مڑواہ کے آپن گاؤں میں پولیس اور مشتبہ جنگجوؤں کے درمیان فائرنگ ، دو پولیس اہلکار زخمی

فردوس احمد وانٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے مڑواہ بلاک میں جمعہ کے روز پولیس اور مشتبہ جنگجوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ایس ایس پی کشتواڑ شکتی کمار پاٹھک نے میڈیا کو بتایا کہ جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع ملنے پر جموں کشمیر پولیس نے مڑواہ کے آپن گاؤں کو محاصرہ میں لے کر تلاشی کارروائیاں شروع کیں اس دوران وہاں چھپے جنگجوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا سیکورٹی فورسز کی طرف سے سیرچ آپریشن ہنوز جاری ہے۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ فوج کو جائے واقعہ کی طرف روانہ کیا گیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ وہاں دو یا تین جنگجو پھنسے ہوئے ہیں۔دریں اثنا ضلع پولیس کشتواڑ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ضلع پولیس اور پولیس کی سپیشل آپریشنز گروپ کی ایک ٹیم، قوم دشمن عناصر کی سرگرمیوں کی اطلاع ملنے پر، جمعرات کی رات مڑواہ کے آپن گاؤں روانہ ہوئی اور جمعہ کے روز جب پولیس ٹیم تلاشی کارروائیوں میں مشغول تھی تو فیضی پل کے قریب مشتبہ جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ کی۔بیان میں کہا گیا کہ پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی اور اس طرح طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دو سپیشل پولیس افسر زخمی ہوئے۔بیان میں زخمیوں کی شناخت محمد اقبال اور عاشق حسین کے بطور کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ فوج اور پولیس کی طرف سے جنگجوؤں کی تلاش جاری ہے اور کشتواڑ سے مزید سیکورٹی فورسز کی نفری مڑواہ پہنچی ہے۔