جب پنچایتی اور بلدیتی انتخابات ہو سکتے ہیں تو اسمبلی اور پارلیمانی چناؤ کیوں نہیں:فاروق عبداللہ

نیوزڈیسک
سرینگر//ریاست میں پارلیمانی اور اسمبلی الیکشن کو ایک ساتھ کرانے پر زور دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ نے کہاکہ جب ریاست میں بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات ہو سکتے ہیں تو اسمبلی الیکشن کیوں نہیں ہوسکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی اور بی جے پی نے ریاست کو برباد کیا ہے ۔ این سی سرپرست نے واضح کیا ہے کہ ’’مرجائوں گا لیکن بی جے پی کے ساتھ کسی بھی صور ت میں اتحاد نہیں کرو نگا ‘‘۔نجی نیوز چینل کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو کے دوران نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲ نے کہا کہ پی ڈی پی نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرکے تاریخی غلطی کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرکے پی ڈی پی نے آر ایس ایس کو ریاست کی سیاست میں آنے کا موقع فراہم کیا ۔ ریاست میں پارلیمانی اور اسمبلی الیکشن ایک ساتھ کرانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں فاروق عبدا ﷲنے کہاکہ ریاست کی سبھی سیاسی پارٹیوں نے دونوں الیکشن ایک ساتھ کرانے کے ضمن میں چیف الیکشن کمیشن آف انڈیا کو آگاہ کیا ہے، الیکشن کمیشن پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دونوں الیکشن کو ایک ساتھ کرائے کیونکہ ریاست کے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے پارلیمانی انتخابات کے بعد اسمبلی الیکشن کو نہیں کرایا جاسکتا ہے ۔ فاروق عبدا ﷲنے سوالیہ انداز میں کہا جب پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کیلئے حالات سازگار تھے تو پارلیمانی اور اسمبلی الیکشن کو ایک ساتھ کرانے میں کیا حرج ہے۔ انتخابات کے بعد بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں فاروق عبدا ﷲنے کہاکہ میں مر جائوں گا لیکن بی جے پی کے ساتھ قطعی ہاتھ نہیں ملائونگا۔انہوںنے کہاکہ بی جے پی نے ملک بھر میں اقلیتوں کا قافیہ حیات تنگ کیا ہے اُن سے اتحاد کرنے سے بہتر ہے کہ میں مر جائوں۔ انہوںنے کہاکہ ریاست کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ پی ڈی پی نے آر ایس ایس کو ریاست میں پیر جمانے کا موقع فراہم کیا ۔ کشمیریوں پر حملوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں فاروق عبدا ﷲ کا کہنا تھا کہ ملک میں جو سوچ بڑھ رہی ہے یہ اُسی کا نتیجہ ہے کہ ہمارے کشمیریوں بھائیوں پر حملے کئے جارہے ہیں۔ فاروق عبدا ﷲ کا کہنا تھا کہ کیا ہندوستان کشمیریوں کا نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ جب بھی مرکز کو میری ضرورت پڑی تو میں ہندوستانی ہوں جب میری ضرورت نہیں پڑی تو مجھے پاکستانی کہا گیا ۔این سی سرپرست اعلیٰ نے کہاکہ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ ریاست میں جتنی جلد ممکن ہو سکے الیکشن کرائے جائے کیونکہ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے ایسا کرنا اب ناگزیر بن گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر میں حالات کو سدھارنے کیلئے الیکشن واحد راستہ ہے۔