ریسرچ سکالر سے ملی ٹینٹ بنے منان بشیر وانی سمیت حزب المجاہدین کے دوجنگجوں جاں بحق

سری نگر//سیکورٹی فورسیز نے ریسرچ سکالر سے ملی ٹینٹ بنے منان بشیر وانی سمیت حزب المجاہدین کے دو ملی ٹینٹوں کو جمعرات کو شمالی کشمیر کے ہندواڑا میں مار گرایا ۔ افسران کے مطابق ہندواڑا کے ستگنڈ میں علی الصبح یہ مڈبھیڑ شروع ہوئی ۔ یہاں وانی ( 27) سمیت دو دیگر ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی پختہ جانکاری ملی تھی ۔اطلاعات کے مطابق پولیس اور سیکورٹی فورسیز کے اہلکار جیسے ہی وہاں پہنچے ان پر ملی ٹینٹوں نے گولیاں چلانی شروع کردیں ، جس کے بعد مڈبھیڑ شروع ہوگئی ، جو صبح 11 بجے تک چلی ۔ انہوں نے بتایا کہ مڈبھیڑ کے دوران پولیس نے لگاتار ملی ٹینٹوں سے خودسپردگی کرنے کی بھی اپیل کی۔افسران کے مطابق صبح تقریبا نو بجے گولہ باری رک گئی ، جس کے بعد پولیس نے مڈبھیر کی جگہ کی تلاشی شروع کی ، لیکن 15 منٹ بعد پھر سے گولہ باری شروع ہونے کی وجہ سے تلاشی مہم روکنی پڑگئی ۔خیال رہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کا طالب علم وانی اسی سال جنوری میں ملی ٹینٹوں کی صف میں شامل ہوا تھا۔