محکمہ دیہی ترقی کا ڈنسال میں یک روزہ بیداری پروگرام ڈائریکٹر نے کاموں کا معائنہ کیا،نریگا ورکروں میں نئے جاب کارڈ بھی تقسیم

اڑان نیوز
جموں//محکمہ دیہی ترقی وپنچایتی راج کے وزیر عبدالحق خان کی ہدایت پر محکمہ کی طرف سے جموں کے بلاک ڈنسال میں یک روزہ بیداری کیمپ منعقد کیاگیا جس دوران خواتین کو متوازن غذائیت کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نریگا ورکروں میں ’گڈگورننس پہل‘ کے تحت نئے جاب کارڈ بھی تقسیم کئے گئے ۔اس پروگرام کی صدارت ڈائریکٹر دیہی ترقی وپنچایتی راج جموں آ ر کے بٹ نے کی جبکہ اس موقعہ پر مہمان خصوصی سٹیٹ نیوٹریشن افسر /انچارج آئی ای سی سیل طفیل احمد راٹھور تھے ۔ پروگرام میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ جموں تاثیر بلوان ، بلاک ڈیولپمنٹ افسر ڈنسال ،مقامی سرپنچ ،پنچ و بڑی تعداد میں خواتین اوردیگر لوگوںنے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر خواتین کو متوازن غذائیت کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ ایک صحت مند خاتون کیلئے ضروری ہے کہ وہ انہی غذائوں کا استعمال کرے جو اس کیلئے مفید ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ ایسی سبزیاں ، پھل اور غذائیں کھائی جائیں جن میں متوازن غذائیت ہو ۔ مقررین نے خاص طور پر حاملہ خواتین پر زور دیاکہ وہ اپنی صحت کا بھرپور خیال رکھیں تاکہ ان کے ہاں پیدا ہونے والے بچے بھی تندرست و توانا رہیںاور ’’صحت یاب مادر۔خوب رو پسر ‘‘ کا خواب پورا ہوسکے ۔اپنے خطاب میں طفیل احمد راٹھور نے کہاکہ محکمہ دیہی ترقی جہاں دیگر شعبوں میں عوام کے ساتھ جڑاہواہے وہیں وہ غذائیت کے بارے میں بھی بیداری لارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ کی طرف سے جگہ جگہ بیداری پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید پروگرام ہوںگے تاکہ خواتین کو ان کی صحت کا خیال رکھنے کے بارے میں بیدار کیاجاسکے ۔ انہوںنے پروگرام میں موجود خواتین پر زور دیاکہ وہ یہاںسے ملنے والے پیغام کو عام کریں اور ان پروگراموں کو ایک تحریک کے طور پر چلایاجائے ۔ آئی ای سی کنسلٹنٹ اعجاز احمد خان نے بھی نیوٹریشن کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالی ۔اس دوران نریگا ورکروں میں ڈائریکٹر دیہی ترقی کے ہاتھوں نئے جاب کارڈتقسیم کئے گئے ۔اپنے خطاب میں ڈائریکٹر موصوف نے عوام اور خواتین پر زور دیاکہ وہ محکمہ کے تحت چلائی جارہی سکیموں کا فائدہ اٹھائیں ۔انہوںنے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مستحقین تک ان کاحق پہنچائیں ۔ ڈائریکٹر نے خاص طور پر پردھان منتری آواس یوجنا کی عمل آوری کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ اس سکیم کے تحت غریب اور بے گھر کنبوں کو مکانات تعمیر کرنے کیلئے بغیر کسی رکاوٹ کے رقومات فراہم کی جائیں اور مقرر کئے گئے اہداف کو پورا کیاجائے ۔ ان کاکہناتھاکہ نریگا اور دیگر سکیموںسے فائدہ اٹھاکر غریب لوگ بھی باعزت زندگی بسر کرسکتے ہیں ۔اس موقعہ پر اے سی ڈی جموں نے نئے جاب کارڈ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ پہلے ہر ایک ریاست میں جاب کارڈ الگ الگ قسم کے ہوتے تھے تاہم اب پورے ملک میں یکسانیت لائی گئی ہے اور ایک جیسے جاب کارڈ جاری کئے گئے ہیں ۔ انہوںنے لوگوں پر زور دیاکہ وہ اپنے ان جاب کارڈوں کی ایسے ہی حفاظت کریں جیسے وہ بینک کاپیوں کی حفاظت کرتے ہیں کیونکہ اسی کے ذریعہ سے انہیں روزگار مل سکتاہے اور اسی سے گائوں میں اثاثے قائم ہوںگے ۔بعد ازآں ڈائریکٹر کی سربراہی میں محکمہ کی ٹیم نے ڈنسال بلاک میں ہوئے مختلف کاموں کا معائنہ کیا اور پی ایم اے وائی کے تحت زیر تعمیر مکانات کاجائزہ بھی لیا ۔اس دوران بڑسو گائوں کی ایک بیوہ خاتون نے محکمہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایاکہ اگر اس سکیم کے تحت فائدہ نہ ملتاتواس کیلئے مکان بنانے کاکوئی ذریعہ نہ تھا۔ اسی طرح سے گوجر قبیلے کے ایک غریب شخص نے بھی مکان کی تعمیر کیلئے حکام کا شکریہ ادا کیا ۔