ملوثین کے حق میں ریلیاں اور مظاہرے غیراخلاقی: محبوبہ مفتی

اڑان نیوز
جموں// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ضلع کٹھوعہ کے رسانہ نامی گاو¿ں میں جنوری کے اوائل میں پیش آئے آٹھ سالہ کمسن بچی آصفہ بانو کے قتل اور عصمت دری واقعہ میں ملوث لوگوں کے حق میں نکلنی والی ریلیوں کو غیراخلاقی قرار دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات گذشتہ رات مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے دو سلسلہ وار ٹویٹس میں کہی ہے۔ محبوبہ مفتی ،جنہوں نے آصفہ کیس کو سی بی آئی کے حوالے کرنے کا بی جے پی کا مطالبہ پہلے ہی مسترد کردیا ہے، نے ایک ٹویٹ میں کہا’ ’کچھ لوگ کٹھوعہ کیس کی پیش رفت کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کررہے ہیں۔ تحقیقات کی نوعیت اور اختیار کئے گئے طریقہ کار میں غلط فہمی کی کوئی گنجائش نہیں ہے“۔ انہوں نے کہا ”کیس کی تحقیقات بہت ہی قابل پولیس ریاستی ہائی کورٹ کی نگرانی میں کررہی ہے۔ ملوثین کے حق میں ریلیاں اور مظاہرے غیراخلاقی ہیں۔ ملک کا قانون عظیم ہے۔ انصاف کی فتح ہوگی“۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے گذشتہ روز آصفہ کیس کو سی بی آئی کے حوالے کرنے کے بی جے پی کا مطالبہ ماننے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات 95 فیصد مکمل ہوچکی ہے اور کیس کا چالان آئندہ دو تین دنوں میں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔