جموں میں حالات کو درہم برہم کرنے کی کوششیں نوشہرہ ، کالاکوٹ اور سندر بنی کو علیحدہ اضلاع دئے جانے چاہئیں : دویندر رانا

اڑان نیوز
جموں //ریاست کے تینوں خطوں میں بھائی چارے کو مضبوط کرنے کی حکومت سے تلقین کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر اور ممبر اسمبلی نگروٹہ دیوندر سنگھ رانا نے کہا ہے کہ منصوبہ بند سازش کے تحت جموں میں تشدد کا ماحول بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ انہوںنے مرکزی حکومت سے ریاست کی طرف توجہ مبذول کرنے کا مطالبہ کہ موقع غنیمت سمجھ کر اسے صورتحال کو بچانے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں ۔ یہاں پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا نے کہاکہ جموں میں بھائی چارے اور رواداری کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ منصوبہ بند سازش کے تحت لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ لڑانے کیلئے کئی طاقتیں سرگرم ہو گئی ہیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آپسی بھائی چارے کی روایت کو مضبوط کریں اور کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ انہوںنے کہاکہ جموں کے مختلف اضلاع میں جو صورتحال ہے اُس پر مرکزی حکومت کو فوری توجہ مبذول کرنی چاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ جو کچھ ہو رہا ہے اس کے لئے موجودہ پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط حکومت اس کی ذمہ دار ہے۔ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ سیاستدان سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے لوگوںکو تقسیم کرنے کی سازشیں رچا رہے ہیں تاکہ حکومت کی ناکامیوں پر پردہ ڈالا جا سکے۔ انہوںنے کہاکہ کٹھوعہ میں آٹھ سالہ بچی کی عصمت ریزی اور قتل ، راجوری اور سندربنی میں مسلسل احتجاجی ریلیاں نکالنے سے یہی ثاثر ملتا ہے کہ کئی لوگ حالات کو درہم برہم کرنے کے منصوبے بنا رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مرکزی حکومت کو حالات معمول پر لانے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ انہوںنے کہاکہ جو بھی پارٹیاں ان معاملات پر سیاست کر رہی ہے وہ نہ صرف ریاست بلکہ پورے ملک کی دشمن ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہا کہ نوشہرہ ، سندربنی اور کالا کوٹ کے لوگ ضلع کا مطالبہ کر رہے ہیں اور انہیں یہ د یا جانا چاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ احتجاج کے دوران پاکستان کے حق میں نعرے بازی کرنا بالکل غلط ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہیں۔ آصفہ قتل کے معاملے پر بی جے پی کی جانب سے سیاست کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں این سی صوبائی صدر نے کہاکہ بی جے پی یا دوسری سیاسی پارٹیوں کو سیاست سے بالا تر ہو کر معصوم بچی کے قتل میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے اپنا تعاون فراہم کرنا چاہئے۔