بھاجپا کی تین سالہ اقتدار کے جشن کیلئے تیاریاں جاری 11مارچ کو دسہرا گراو¿نڈ جموں میں مہاریلی ہوگی

اڑان نیوز
جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی اقتدار کے تین سال پورے ہونے کی خوشی میں11مارچ 2018کو دسہرہ گراو¿نڈ گاندھی نگرجموں میں’مہا ریلی‘کا انعقاد کرنے جاری ہی ہے جس میں پارٹی کے ریاستی عہدادران، پارٹی سے وابستہ اراکین قانون سازیہ، وزرائ، ضلع صدور اور ضلع انچارج حصہ لیں گے۔ریلی کا مقصد پارٹی کی تین سالہ ریاستی اور مرکزی سطح پر کارکردگی ، حصولیابیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ اس سلسلہ میں تیاریاں زوروں پر ہیں۔ اس سلسلہ میں ایک میٹنگ پارٹی ریاستی صدر ست شرما کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں جنرل سیکریٹری اشوک کول، ڈاکٹر نریندر سنگھ، پون کھجوریہ، ہریندر گپتا، اسپیکر کاویندر گپتا، پی ایچ ای کے وزیر شام چوہدری نے مہاریلی کے لئے انتظامات پر سیر حاصل بحث کی۔ پارٹی صدر نے شرکاءپرزور دیاکہ وہ اس ریلی میں زیادہ سے زیادہ ورکروں کی شمولیت کو یقینی بنائیں۔ ریاستی نائب صدور یودویر سیٹھی، پرمود کپاہی، بھارت بھوشن، رجنی سیٹھی، ایم ایل اے راجیش گپتا، ڈاکٹر ڈی کے منیال، ڈاکٹر کرشن بھگت، سکھ نند ن چوہدری، وکرم رندھاوا، سنجے بارو، راجندر شرما، انجینئر غلام علی کٹھانہ ودیگر سنیئرلیڈران موجود تھے۔شرما نے ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’بی جے پی پی ڈی پی مخلوط حکومت کے تین سال یکم مارچ کو پورے ہوگئے ہیں۔ اسی سلسلے میں پارٹی کی طرف سے 11 مارچ کو ایک جن سبھا ہورہی ہے۔ گذشتہ تین برسوں کے دوران جموں وکشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے۔ اگر ہم ان تین برسوں کا نیشنل کانفرنس اور کانگریس مخلوط حکومت کے تین برسوں کے ساتھ موازنہ کریں تو ہمارے دور حکومت کے تین برسوں کے دوران غیرمعمولی ترقی ہوئی ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ ریلی کا سلوگن ’تین سال بے مثال‘ ہوگا۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مجوزہ ریلی میں کارکنوں کی بھاری شرکت متوقع ہے۔ اس میں بی جے پی کی مرکزی و ریاستی لیڈرشپ بھی شرکت کرے گی۔ انہوں نے بتایا’وزیراعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، بی جے پی قومی جنرل سکریٹری رام مادھو، قومی جنرل سکریٹری (آرگنائزیشن) رام لال، بی جے پی ممبران پارلیمنٹ، وزراءاور ممبران اس ریلی میں شرکت کریں گے‘۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مجوزہ ریلی میں کارکنوں کو پی ڈی پی بی جے پی مخلوط حکومت کی جانب سے مستقبل میں اٹھائے جانے والے اقدامات کی جانکاری دی جائے گی۔