’انیل چوپڑہ پارٹی کیلئے اثاثہ تھے‘ ضلع کانگریس کمیٹی صدر جموں کی وفات پر غلام نبی آزاد کا ظہار ِ دکھ

اڑان نیوز
جموں//کانگریس کے بزرگ رہنما اور ضلع صدر اربن جموںانیل چوپڑہ انتقال کرگئے۔ وہ کافی عرصہ سے علیل تھے، منگل کے روز لدھیانہ اسپتال میں صبح آخری سانس لی۔کئی سیاسی وسماجی شخصیات نے انیل چوپڑہ کی وفات پر دکھ کا اظہار کیاہے۔ راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف اور سابقہ ریاستی وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے ڈسٹرکٹ کانگریس صدر جموں انیل چوپڑہ کی موت پرگہرے رنج والم کا اظہار کیاہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں آزاد نے کہا ہے کہ ’’انیل چوپڑہ جیسے ایماندار، دیانتدار، محنتی اور مخلص کانگریس لیڈر کی موت ایک بڑا دھچکا ہے، انیل چوپڑہ پارٹی کے لئے اثاثہ تھے، ان کی موت سے جموں کانگریس میں ایک خلاپیدا ہوا ہے جس کی بھرپائی میں ایک عرصہ لگے گا‘‘۔تعزیتی پیغام میں غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ’’مجھے ذاتی طور ان کی موت سے بے حدافسوس اور صدمہ پہنچاہے، میں اللہ سے دعا گو ہوں کہ ان کی روح کو شانتی ملے‘‘ ۔کانگریس رہنما نے سوگوارکنبہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔