بینک گھپلہ بازوں کو بیرون ملک سے لانے میں حکومت ناکام :آزاد

یو این آئی
نئی دہلی//راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد نے پیر کے روز کہا کہ پبلک سیکٹر کے بینکوں میں اربوں روپیوں کا گھوٹالہ کرنے والے بیرون ملک فرار ہوگئے ہیں لیکن حکومت کسی کو بھی واپس لانے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے ۔ آزاد نے ایوان میں بینک گھپلوں کے معاملہ کے سلسلے میں اپوزیشن ارکان کے ہنگامے کے درمیان کہا کہ گھپلوں کی وجہ سے بینک خالی ہو گئے ہیں لیکن گھپلہ کرنے والے ایک بھی شخص کو واپس ملک میں نہیں لایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بینک گھپلہ کرنے والے زیورات کے تاجر جتن مہتا اور ہیروں کے تاجر نیرو مودی میں سے کسی کو بھی ملک میں واپس نہیں لایا گیا ہے ۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بیرون ملک سے کالا دھن واپس لانے کی بات کہی تھی لیکن وہ اسے واپس لانے میں ناکام رہے ہیں۔اس سے قبل ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین نے ہنگامہ کے دوران ہی کہا کہ پبلک سیکٹر کے بینکوں میں ہوئے گھپلوں پر بحث کرانے کے لئے نوٹس ملی ہے اور وہ اس پر مختصر بحث کرانے کو تیار ہیں۔ اس کے باوجود ارکان کا ہنگامہ جاری رہا تو انہوں نے ایوان کی کارروائی کل تک کے لئے ملتوی کر دی۔