بھدرواہ اسمبلی حلقہ میں قائم نئی انتظامی اکائیوں کو فعال بنایاجائے عدالت عالیہ نے ریاستی سرکار کو 4ہفتوں کے اندر سابق حکومت کے حکمنامہ کو لا گو کرنے کی ہدائت

اڑان نیوز
جموں //ریاستی عدالت عالیہ نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے دوران اسمبلی حلقہ بھدرواہ کے لئے منظور کئے گئے نئے انتظامی یونٹوں کو چالو کرنے کی حکومت کو ہدایت دیتے ہوئے سرکار کی جانب سے جاری حکمنامہ زیر نمبریof 2014 (Rev( S) 242 تحریر 21/10/2014 کو لاگو کرنے کو کہا۔ عدالت عالیہ میں ندیم شریف نیاز کی جانب سے دائر عرضی میں یہ ذکر کیا گیا تھا کہ کانگریس و نیشنل کانفرنس حکومت کے دور میں بھدرواہ اسمبلی حلقہ میں نئے انتظامی یونٹوں کو منظوری دی تھی جس میں چنگا کلہوتران، چلی پائیں و چنتا بھالڑا کے لئے تحصیل، ملوٹھی، سیری، پونیجہ و گڑیکھا کے لئے نیایبتیں و اٹھکار، چنتا، بھالڑا و سنو کو دیہی ترقی بلاک کا درجہ دیا گیا تھا۔ عرضی میں یہ بھی ذکر کیا گیا تھا کہ چار برس گذر جانے کے بعد بھی ان یونٹوں کو قائم نہیں کیا گیا، ندیم شریف نیاز کی جانب سے دائر عرضی پر ایڈووکیٹ این ڈی قاضی نے وکالت کی جس کی شنوائی عدالت عالیہ کے جج جسٹس الوک ارادھے نے کی۔انہوں نے معاملہ کو غور سے سننے کے بعد ریاستی حکومت کو چار ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے ہدائت دی کہ سابق حکومت کے حکمنامہ پر عمل درآمد کرکے اسے لاگو کیا جائے۔ دریں اثناءندیم شریف نیاز نے بھیلہ کو بلاک کا درجہ دینے کے معاملہ پر بھی عدالت عالیہ میں عرضی دائر کی ہے جو کہ تاحال زیر سماعت ہے۔