محکمہ اطلاعات نے دیش راج کو گرمجوشی سے الوداع کیا مقامی فنکاروں کو فعال پلیٹ فارم دستیاب کرانے کیلئے کلچرل شعبے کو مستحکم کیا جائے گا:منیر السلام

اڑان نیوز
جموں//محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے محکمہ کی کلچرل وِنگ میں بحیثیت میوزک کمپوزر کام کر رہے دیش راج کو آج گرمجوشی کے ساتھ الوداع کیا۔ وہ 42برس تک اپنی خدمات انجام دینے کے بعد کل سبکدوش ہورہے ہیں۔اس حوالے سے آج ڈی آئی پی آر کی کلچرل وِنگ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ناظم اطلاعات منیر الاسلام ، جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات جموں نریش کمار، جوائنٹ ڈائریکٹر ( ہیڈ کوارٹر) سجاد یحییٰ نقاش کے علاوہ محکمہ کے کئی دیگر افسران اور ملازمین اس موقعہ پر موجود تھے۔تقریب کے دوران محکمہ کے فنکاروں نے ایک رنگارنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اطلاعات نے مختلف سطحوں پر محکمہ میں دیش راج کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں سبکدوشی کے بعد ایک خوشگوار زندگی کے لئے نیک خواہشات دیں۔ناظم اطلاعات نے مزید کہا کہ محکمہ کی کلچرل وِنگ کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ اسے مزید وسعت دی جائے گی تاکہ مقامی فنکاروں کو اپنی صلاحیتیوں کا مظاہر ہ کرنے کا ایک پلیٹ فارم مہیا ہوسکے۔منیر الاسلام نے اس طرح کا پروگرام منعقد کرنے کے لئے کلچرل آفیسر رمن جوشی کی بھی تعریف کی۔جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات جموں نریش کمار نے بھی اس موقعہ پر دیش راج کی خدمات کو اُجاگر کیا اور انہیں نیک خواہشات دیں۔اس دوران دیش راج کو محکمہ اطلاعات کی طرف سے ایک مومنٹو بھی عطا کیا گیا۔