حکومت شعبۂ تعلیم میں مزید بہتری لانے کی خواہاں:شام چودھری

جموں//پی ایچ ای، اری گیشن اور فلڈ کنٹرول کے وزیر شام لال چودھری نے کہا ہے کہ حکومت نے ریاست میں شعبۂ تعلیم میں مزید بہتری لانے کے لئے اختراعی نوعیت کے اقدامات اُٹھائے ہیں تا کہ جموں وکشمیر میں شرح خواندگی میں اضافہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے دُور دراز اور دیہی علاقوں میں تعلیم کو عام کرنے کے لئے متعدد اقدامات اُٹھائے ہیں۔وزیر موصوف آج آر ایس پورہ کے گیگیاں دیہات میں ایک پلے وے سکول کا اِفتتاح کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم شخصیت کے نکھار اورلوگوں کی کلہم ترقی میں نمایاں رول ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبۂ تعلیم کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے لوگوں سے تاکید کی کہ وہ اپنے بچوں کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کریں تا کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا رول ادا کریں۔تعلیم کے میدان میں نجی سکولی اداروں کی کارکردگی کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے معیاری تعلیم فراہم کر کے اپنا اہم رول ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ان اداروں کوہر ممکن تعاون دے گی۔ معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے سکول انتظامیہ پر زو ردیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ وہ سکول میں اخلاقی اور غیر تدریسی سرگرمیوں کو بھی یقینی بنائیں تا کہ بچوں کی ذہنی و جسمانی نشو ونما کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے سکول انتظامیہ سے کہا کہ وہ علاقہ کے سماجی و اقتصادی طور سے کمزور بچوں کو بھی تعلیمی سہولیات سے آراستہ کریں۔