شوپیاں میں مظاہرین پر فائرنگ نوجوان گولی لگنے سے زخمی

اُڑان نیوز
سرینگر//براتھ پورہ شوپیاں میں فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں نوجوان گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے ا اور اس کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس ضمن میں فوجی یونٹ کے ساتھ رابط قائم کیا گیا ہے کہ کن حالات میں فوج نے فائرنگ کی۔ تفصیلات کے مطابق براتھ پورہ شوپیاںمیں اُس وقت حالات دگرگوں ہوگئے جب مظاہرین نے فوجی کانوائے پر پتھراو کیا ۔ فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان زخمی ہوا ۔ ذرائع کے مطابق خون میں لت پت نوجوانوں کو فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا جہاں پر اُس کا علاج جاری ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق نوجوان کی ٹانگ میں گولی پیوست ہوئی ہے اور اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ شوپیاں پولیس کے مطابق اس ضمن میں مقامی فوجی یونٹ کے ساتھ رابط قائم کیا گیا ہے۔ ادھر نوجوان کے زخمی ہونے کی خبرپھیلتے ہی شوپیاں میں لوگوں نے سڑکوں پر آکر فورسز کے خلاف احتجاجی مظاہرئے کئے اور الزام لگایا کہ فوجی اہلکار اب راہ چلتے لوگوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔