آزاد نے سنجواں حملہ کے زخمیوں کی عیادت کی

اڑان نیوز
جموں//راجیہ سبھامیں حزب اختلاف کے قائداورسابق وزیراعلیٰ ریاست غلام نبی آزاد اتوار کو سرمئای دارالحکومت پہنچے اور سنجواں ملٹری سٹیشن پر فدائین حملہ میں زخمی ہونے والوں کی ملٹری ہسپتال ستواری پہنچ کر عیادت کی ۔ انہوںنے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات پیش کیں۔بعدازاں آزاد نے ڈاکٹروں کے سا تھ بھی بات کی اور زخمیوںکے علاج ومعالجہ کیلئے دستیاب طبی سہولیات بارے جانکاری حاصل کی۔اس موقع پران کے ہمراہ سینئر کانگریس رہنما شام لال شرما، نوانگ رگزن جورا اور غلام محمد سروڑی بھی تھے۔آزاد نے اس فدائین حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ انتہائی بزدلانہ اندازمیں نہتے بچوں وخواتین کوبھی نشانہ بنایا گیا۔ سینئرکانگریس لیڈران نے کہاکہ اس حملے کی سب کوسیاست سے بالا ہو کرمذمت کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حملوں سے ملک دشمن اپنے ارادوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔