وزیر داخلہ راج ناتھ نے ریاستی پولیس سربراہ سے سے تفصیلات مانگیں

یو این آئی
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے جموں و کشمیر کے پولیس ڈائرکٹر جنرل ایس پی وید سے ٹیلیفون پربات کرکے جموں میں ہفتہ ے روز فوج کے کیمپ پر ہوئے جنگجوحملے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔پولیس ڈائرکٹر جنرل نے وزیر داخلہ کو فوج کے کیمپ پر حملے سے متعلق معلومات سے آگاہ کیا اور صورت حال سے نمٹنے کے لئے کی جا رہی کارروائی کی تفصیلات بتائیں۔وزارت داخلہ کی جانب سے دی گئی اطلاع میں کہا گیا ہے کہ وزیر داخلہ اس سلسلے میں وزیر دفاع اور جموں و کشمیر حکومت کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہے اور وزارت حالات پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے پولیس ڈائرکٹر جنرل سے کہا ہے کہ مرکز صورت حال سے نمٹنے میں ہر ممکن مدد دینے کے لئے تیار ہے ۔قابل غور ہے کہ جموں کے مضافات میں واقع سنجووان بریگیڈ فوج کیمپ پر آج علی الصبح جنگجوؤں نے حملہ کر دیا تھا ۔