انٹرنیٹ پر ڈیلی ویجروں کی دستیاب فہرست فراڈ فہرستوں کو حتمی شکل دینا باقی ہے:حسیب درابو

جموں// ڈیلی ویجروں کی مستقلی سے متعلق انٹرنیٹ پردستیاب فہرست کوفراڈقراردیتے ہوئے وزیرخزانہ ڈاکٹرحسیب درابونے واضح کیاکہ ابھی مستحق عارضی ملازمین کی فہرستوں کوحتمی شکل دیناباقی ہے ۔انہوں نے انٹرنیٹ پرفرضی لسٹ ڈالنے والے افرادکے خلاف سخت کارروائی کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ ملزم یاملزمان کی نشاندہی کاکام شروع کیاگیاہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے ایک سرکاری محکمہ کی ویب سائٹ پرمختلف محکموں میں تعینات عارضی ملازمین بشمول ڈیلی ویجروں اورکیجول لیبروں وغیرہ کی ایک لمبی لسٹ موجودہے ،جس میں شامل ہزاروں ایسے عارضی ملازمین سے مختلف لوازمات مکمل کرنے کوکہاگیا۔اس فہرست کولے کرریاست بشمول وادی کے اطراف واکناف میں عارضی ملازمین اوراُنکے اہل خانہ میں خوشی کی لہردوڑگئی جبکہ سینکڑوں ایسے عارضی ملازمین نے فہرست یالسٹ کی حقانیت کے بارے میں جانکاری طلب کی ۔اس سلسلے میں ریاست کے وزیرخزانہ ڈاکٹرحسیب احمددرابوکیساتھ فون پررابط کیاتوموصوف نے یہ چونکادینے والاانکشاف کیاکہ انٹرنیٹ پرچڑھائی گئی لسٹ فراڈہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی سرکاریااسکے کسی محکمہ کی جانب سے ایسی کوئی لسٹ ویب سائٹ پرنہیں ڈالی گئی ہے بلکہ کسی شخص یااشخاص نے یہ شیطانی کرکے ہزاروں ڈیلی ویجروں اورکیجول لیبروں کیساتھ بھونڈامذاق کیاہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ریاستی سرکارنے فراڈاورفرضی لسٹ ایک ویب سائٹ پرچڑھانے والوں کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے اوربہت جلدایسے افرادکی نشاندہی کرکے اُنھیں قانون کے دائرے میں لایاجائے گا۔ڈاکٹردرابونے اس کے ساتھ ہی یہ واضح کردیاکہ ابھی مستحق عارضی ملازمین کی فہرستوں کوحتمی شکل دیناباقی ہے۔انہوں نے کہاکہ ابھی یہ عمل جاری ہے ۔حکومت نے اس بات کی وضاحت کی ابھی تک کوئی بھی کیجول لیبروں ، ڈیلی ویجروں و دیگر ایسے ورکروں کی باقاعدگی کے فہرستوں کوحتمی شکل نہیں دی گئی ہے اور سوشل میڈیا پر مشتہر کئے جارہے ایسے تمام فہرست جعلی اور فرضی ہیں۔سوشل میڈیا پر ایسے کئی فہرستوں کے رِپورٹوں کے ردعمل میں پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین کمار چودھری نے لوگوں کو ایسی غلط افواہوں کے بارے میں خبردار کیاجنہیں خود غرض اور شرارت پسند عناصر اپنے اغراض و مقاصد پورے کرنے کے لئے مشتہر کر رہے ہیں۔اس سے قبل رُکن کونسل صوفی محمد یوسف نے وقفہ صفر کے دوران قانون ساز کونسل میں یہ معاملہ اُبھارا۔