نائب وزیر اعلیٰ کی وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات رفیوجی ،کیمونٹی بنکروں، لوکل سیلف گورنمنٹ سے متعلق معاملات پر غور و خوض کیا

نیوزڈیسک
نئی دہلی//مرکزی رہنماو¿ں اور وزراءکے ساتھ ملاقات کر کے ریاست کو درپیش ترقیاتی مسائل اجاگر کر کے اُن کا حل تلاشنے کا عمل جاری رکھتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کل وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے ساتھ ملاقات کی ۔ وزیر اعظم کو ہماچل اور گجرات میں اُن کی حالیہ کامیابیوں پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ مرکزی حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں کی تائید کا عکاس ہونے کے ساتھ ساتھ اُن کی قاعدانہ اور انتظامی صلاحیتوں کی بھی تائید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام وزیر اعظم کے ساتھ ہیں جس کی عکاسی حالیہ انتخابی نتایج نے کی ہے ۔ ڈاکٹر سنگھ نے وزیر اعظم کو جموں و کشمیر کیلئے خصوصی نمائیندے کے حالیہ دورے کے بارے میں جانکاری دی اور ریاست کی سیاسی صورتحال پر اس کے اثرات سے بھی انہیں آگاہ کیا ۔ انہوں نے وزیر اعظم کو وزیر اعظم ترقیاتی پروگرام کے تحت ریاست میں جاری مختلف ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں بھی تفصیل دی ۔ انہوں نے پنچائیتوں اور میونسپلٹیوں کے کام کاج کے بارے میں بھی انہیں آگاہ کیا ۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مزید مطلع کیا کہ ریاستی حکومت آنے والے سال کے دوران پنچائتی انتخابات منعقد کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ وزیر اعظم کو دلائی لاما ، آرچ پشپ دسمنڈڈوڈو اور ڈوگلہ ابرمس کے مقالعوں پر مشتمل ”ڈے آف لائیف “کے عنوان سے کتاب پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے انہیں فاو¿نڈیشن آف ہیپٹیٹ سنٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ وزیر اعظم نے نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں ریاست کو ہر ممکن امداد بہم رکھنے کا یقین دلایا ۔ بعد میں نائب وزیر اعلیٰ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملے اور بین الاقوامی سرحد اور حدِ متارکہ پر کمیونٹی /انفرادی بنکروں کی تعمیر ، پی او کے اور مغربی پاکستان ریفوجیوں کیلئے پیکج کیلئے لایحہ عمل مرتب کرنے سے متعلق معاملات زیر بحث لائے ۔ انہوں نے ریاست میں ایس پی اوز کی بھرتی عمل میں لانے پر زور دیا ۔ مرکزی وزیر نے نائب وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ اُن کی جانب سے پیش کئے گئے تمام معاملات کو مرحلہ وار حل کیا جائے گا ۔