نیشنل کانفرنس ریاست کے تینوں خطوں کی ترجمان:کچلو عوام سے فرقہ پرست طاقتوں سے ہوشیار رہنے و بھائی چارہ کو مضبوط بنانے پر زور دیا

اڑان نیوز
کشتواڑ//عوام فرقہ پرست طاقتوں کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے آپسی بھائی چارہ کو قائم ودائم رکھیں۔کچھ لوگ نفرت کی سیاست کرکے اپنا مفاد تقسیم کرنا چاہتے ہیں جوکہ ریاست کی سالمیت کے لئے بڑاخطرہ بن رہا ہے۔ان باتوں کا اظہار سابق وزیرداخلہ ونیشنل کانفرنس ایم ایل سی سجاد احمد کچلو نے اپنی رہائش گاہ پر ایک منعقد ہ پارٹی کارکنوں کی میٹنگ کے دوران کیا۔انہو ں نے پی ڈی پی وبھاجپا حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئیے کہا کہ یہ جماعتیں ریاست میں انتشار پھیلاکر اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔کچلو نے دونوں جماعتوں کو بد امنی پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس دور میں تعمیر ترقی کا کہیں نام ونشاں تک نہیں ہے بلکہ کھوکھلے نعرے دے کر عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسی جماعتوں کے عزائم کو منہ توڑ جواب دیں جو سماج میں انتشار پھیلا کر نفرت کی سیاست کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس واحد ایسی جماعت ہے جو ریاست کے تینوں خطہ کی عوام کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کرتی ہے اور اپنے اسیکولر نظریہ کے لئے مشہور ہے۔سابق وزیر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے پورے دور میں ریاست میں امن وبھائی چارہ کے لئے کام کیا ہے اور یہی سلسلہ آج تک جاری ہے ۔اس موقع پر اسمبلی حلقہ کشتواڑ کے علاقہ دچھن سے درجنوں لوگوں نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی جن میں کرشن داس ریٹائر اسیسٹنٹ کمانڈنٹ بی ایس ایف،تلک راج ٹھاکرریٹائر انسپکٹر پولیس، آتما رام ٹھاکر ریٹائر ہیڈ کانسٹیبل بی ایس ایف،رالگ رام ٹھاکر، بلدیو راج ٹھاکر،راج کمار، سنیل کمار، ناتھ رام و رکاش چند شامل ہیں۔کچلو نے ان کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے کشتواڑ میں نیشنل کانفرنس مزید مضبوط ہوگی۔اس موقع پر سابق ایم ایل اے صوبائی نائب صدر قاضی جلال الدین ، یوتھ لیڈرسبھاش ٹھاکر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ حاجی عبدالرشید،کرتارسنگھ راٹھور، گردیش کمار،بابو لال بھنڈاری ،پرمندر کمار ،سنیل کمار شان ودیگر پارٹی کارکن بھی موجود تھے۔