بسوہلی قصبہ کو جدید خطوط پر ترقی دی جائے گی :لال سنگھ حکومت نے سالڈ لکوڈ بیسڈ مینجمنٹ کیلئے 1 کروڑ روپے مختص کئے ہیں

اڑان نیوز
جموں//بسوہلی قصبہ کے عوام کو صحت مند اور پاک و صاف ماحول فراہم کرنے کیلئے حکومت نے علاقے میں سالڈ اور لکوڈ بیسڈ مینجمنٹ کیلئے ایک کروڑ روپے مختص رکھے ہیں ۔ اس کا اظہار آج وزیر برائے جنگلات و ماحولیات چودھری لال سنگھ نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں افسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران کیا ۔ اس موقعہ پر چئیر مین سٹیٹ پلیوشن کنٹرول بورڈ ، ڈائریکٹر سوشل فارسٹری ، منیجنگ ڈائریکٹر سٹیٹ فارسٹ کارپوریشن ، اے ڈی سی بسوہلی ، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سیاحت ، چیف ایگزیکٹو افسر سرتھل۔ بنی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ، سالڈ اینڈ لکوڈ بیسڈ منیجمنٹ ماہرین کے علاوہ محکمہ جنگلات اور سیاحت کے اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ چودھری لال سنگھ نے کہا کہ پروجیکٹ کے تحت حکومت نے بسوہلی قصبہ کے ہر گھر کیلئے کوڑا کرکٹ جمع کرنے کیلئے دو کوڑا دان منظور کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے یومیہ بنیاد پر گھروں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے ٹرالیوں سمیت دو آٹو رکھشا بھی منظور کئے ہیں جو پہلے سے ہی نشاندہی کئے گئے جگہ پر یہ کوڑا جمع کریں گے ۔ وزیر نے متعلقہ محکموں کو بسوہلی قصبہ کے 13 وارڈوں کے لوگوں کو سالڈ اور لکوڈ بیسڈ منیجمنٹ کیلئے معقول طریقہ کار سے متعلق جانکاری دینے کیلئے بیداری کیمپوں کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے افسران کو قصبہ میں پروجیکٹ کو شروع کرنے کیلئے تمام لازمی کاروائی مکمل کرنے کیلئے کہا تا کہ اس سلسلہ میں ٹینڈر طلب کئے جا سکیں ۔ چودھری لال سنگھ نے سالڈ اینڈ لکوڈ بیسڈمنیجمنٹ کے ماہرین کو فوری طور معقول اقدام اٹھا کر بسوہلی قصبہ کی تنگ گلیوں سے کوڑا کرکٹ ہٹانے اور معقول صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔ بعد میں وزیر نے محکمہ سیاحت کے افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی اور نئی قایم کی گئی بسوہلی ۔ بنی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے علاقوں کی حد بندی سے متعلق معاملات کا جائیزہ لیا ۔ چودھری لال سنگھ نے بسوہلی اور بنی قصبہ جات میں بہتر سیاحتی صلاحیت رکھنے والے دیگر علاقوں کو بھی شامل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے محکمہ سیاحت کو بسوہلی ۔ بنی ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں خالی ٹیکنیکل آسامیوں کو پُر کرنے کی ہدایت دی تا کہ اتھارٹی مکمل طور اپنا کام کاج شروع کر سکے ۔