میونسپلٹی کی طرف سے بھدرواہ قصبہ میں گلیوںسے برف ہٹانا شروع کی، 7ٹیمیں تشکیل

ماجد ملک
بھدرواہ // مونسپل کمیٹی بھدرواہ نے قصبہ کی گلیوں سے برف ہٹانے کا کام جنگی سطح پر شروع کیا ۔کمیٹی کے عملہ نے محلہ کھکل سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا ۔بھدرواہ کے سات محلوں سے برف ہٹائی گئی تاکہ شہری آسانی سے بازار ، مذہبی جگہوں ، اسپتال ، سرکاری دفاتر پہنچ سکے ۔میونسپلٹی کے ای او محمد اشرف زرگر نے بتایا کہ ان کی جانب سے بھدرواہ قصبہ کے مختلف علاقوں سے برف ہٹانے کے لئے سات ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جنہوں نے ابھی تک قصبہ کے 70فیصدی علاقے سے برف ہٹائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے پیش نظر آئندہ کے لئے بھی برف ہٹانے کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ کمیٹی کے سابقہ چیر مین جاوید اقبال آزاد نے بتایا کہ کمیٹی کا چھوٹا ملازم کافی ایماندار اور محنتی ہے اس کے باوجود کہ ان کو اجرت کئی ماہ کے بعد سرکار کی جانب سے ادا کی جاتی ہے لیکن اس کے باوجود وہ دل سے عوام کی خدمت کرتے ہیں جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔