چارماہ کی مدت میںاساتذ ہ کی2154 اسامیوں پر کی جائیں گیں 1289غیر تدریسی عملے کی اسامیوں کیلئے بھرتی عمل شروع ، تین ماہ میں عمل مکمل ہوگا:الطاف بخاری

اڑان نیوز
جموں//سرکاری سکولوں میں عملے کی کمی کوپورا کرنے کے لئے حکومت نے جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ کو اساتذہ کی 2154اسامیوں کو اگلے چارماہ کے اندر بھرتی کرنے کے لئے کہا۔محکمہ تعلیم نے جے کے ایس ایس بی کو 3450اسامیاں بھرتی عمل کے لئے بھیجی ہیں جن میں 2154 اسامیاں اساتذہ کی ہیں اور 2189 غیر تدریسی عملے کی اسامیاں ہیں۔کل یہاں افسران کی طلب کردہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کمشنر سیکرٹری محکمہ تعلیم فاروق احمد شاہ اور جے کے ایس ایس بی کے چیئرپرسن سمرن دیپ سنگھ کو آپس میں قریبی تال میل کر کے محکمہ تعلیم کی خالی اسامیوں کو پُر کرنے کا عمل جنوری میں شروع کرکے تمام لازمی کارروائی مکمل کرنے کیلئے کہا۔ بھرتی عمل کے لئے مدت کا تعین کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے چیئرمین ایس ایس بی کو بھرتی عمل اگلے چارماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔دریں اثنا وزیر نے 1289غیر تدریسی عملے کی اسامیوں کے لئے جاری بھرتی عمل کے لئے بھی تین ماہ مدت مقرر کی۔ان اسامیوں میں 575جونئیراسسٹنٹ ، 392لیبارٹری اسسٹنٹ ، 228لائبریری اسسٹنٹ ، 94جونئیر لائبریرین اسامیاں شامل ہیں۔ میٹنگ میں بتایاگیا کہ محکمہ کی جانب سے ڈرائیوروں کی 7 اسامیوں کو بھرتی بورڈ کو بھیجا گیا ہے جو ان اسامیوں کو عنقریب مشتہر کررہا ہے ۔وزیر نے بھرتی بورڈ کو محکمہ کی جانب سے بھرپور تعاون دینے اور ڈیٹافراہم کرنے کا یقین دلایا۔ محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل سیکرٹری اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔