ویر ی کا جموں میں ایس ڈی ایم ، تحصیل دفاتر کا اچانک معائنہ ریکارڈ کی جانچ کی، اراضی انتقال معاملات کے جلد نپٹارے پرزور دیا

اڑان نیوز
جموں//وزیر برائے مال ، امداد و باز آباد کاری ، ڈیزاسٹرمنیجمنٹ، تعمیرنو اور پارلیمانی امور عبدالرحما ن ویری نے کل جموں میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ اور تحصیل دفاتر کا اچانک معائینہ کیااور ان دفاتر کے مختلف شعبوں کے ریکارڈ کی جانچ کی۔ وزیر کے ہمراہ کمشنر سیکرٹری مال اور ڈپٹی کمشنرجموں تھے۔ویری نے جانی پور کے ایس ڈی ایم اور تحصیل دفاتر کا معائینہ کر کے پرمنٹ ریذیڈنٹ سر ٹیفکیٹ کی اجرائی وغیرہ کاموں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔وزیر نے اِن دفاتر میں دیگر ریکارڈ کابھی معائینہ کیا۔اُنہوں نے تمام اِلتوأ میں پڑے اراضی کے انتقال کے معاملات کو نمٹانے میں سرعت لانے کی بھی ہدایت دی اور متعلقہ حکام کو اپنے حدِ اختیار والے علاقوں میں زیر قبضہ سرکاری زمین کی بازیافت یقینی بنائیں۔ویری نے ان دفاتر میں اپنے معاملات کو نمٹانے کے لئے آنے والے لوگوں سے بھی تبادلہ خیال کیااور ان سے ان دفاتر کے کام کاج کے بارے میں تفصیل طلب کی۔انہوںنے ایس ڈی ایم کو لوگوں کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنے اور عوامی خدمات ضمانتی ایکٹ کے تحت تمام خدمات کی فراہمی مقررہ مدت کے اندر یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے ایس ڈی ایم کو محکمہ مال سے متعلق عوامی شکایات سے متعلق جانکاری حاصل کرنے کے لئے فیلڈ دوروں کاانعقاد کرنے کے لئے کہا۔بعد میں وزیر نگروٹہ کے تحصیل آفس بھی گئے اور وہاں پی آر سیز ، مختلف زمروں کے اسناد ، آمدن سند کے اجرا، اراضی اور محکمہ مال سے متعلق دیگر اہم خدمات ، اراضی کے انتقال کے اِلتوأ میں پڑے معاملات ، زیر قبضہ ریاستی زمین کی باز یافت جیسامعاملات کا جائزہ لیا۔ویری نے تحصیل دفتر میں آدھار اندراج کے عمل کا بھی معائینہ اور متعلقہ حکام کو عمل میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ عوام کی جانب سے محکمہ مال کے چند ملازمین کے غیر پیشہ وارانہ رویہ کی شکایات موصول ہونے کے سبب انہوںنے محکمہ مال کے مختلف دفاتر کے کام کاج کا معائینہ کرنے کا فیصلہ لیا اور یہ عمل ریاست بھر میں شروع کیا جارہا ہے۔