آئیے جموںو کشمیر کی ترقی میں شامل ہوجائیں ڈاکٹر درابو کی بھارتی صنعت کاروں سے درخواست

اڑان نیوز
نئی دلی//وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو نے ملک بھر کے بڑی کمپنیوں کو جموں و کشمیر کی ترقی میں عملی طور شامل ہوکر ریاست میں سرمایہ کار ی کر نے کے لئے کہا۔ڈاکٹر درابو نے فیڈریشن آف انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی 90ویں سالانہ جنرل میٹنگ سے آج صبح یہاں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے کافی گنجائش موجود ہے جن میں توانائی ، باغبانی ، ہینڈ لوم ، دستکاری ، بائیو ٹیکنالوجی ، فوڈ پروسسنگ ، سیاحت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، تعلیم ،سکل ڈیولپمنٹ اور کھیل کود شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میںغیر ملکی یونیورسٹیوں کے لئے خصوصی تعلیمی زون ، منفرد دستکاری اور کھیل کود اشیاء کے لئے خصوصی اقتصادی زون بننے کی صلاحیت موجود ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست میں ڈرائی پوٹ اور کولڈ چین قائم کرنے کے لئے بھی سرمایہ کاری ہوسکتی ہے۔ڈاکٹر درابو نے میٹنگ میں موجود بھارت کے معروف صنعتکاروں سے کہا ’’ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ جموں کشمیر اور اس کے عوام کے ساتھ رابطہ قایم کر یں تا کہ ریاست ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی سی سی آئی ریاست کی سیاحتی صنعت کو اعلیٰ معیار کی تقاریب کا انعقاد کر کے اور طبعی اور ڈیجٹل رابطہ سہولیات قایم کر سکتے ہیں ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ریاست کے جغرافیائی خدو خال کے تحت جموں کشمیر جنوبی اور وسطِ ایشیا کے مابین خطے میں ایک نیا اقتصادی مرکز کے طور پر ابھر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وسطِ ایشیا اور جموں کشمیر کے مابین تاریخی روابط رہے ہیں اور ریاست خطے میں روائتی اقتصادی روابط کی بحالی کیلئے زمینی ٹرانسپورٹ شاہراہ بن سکتا ہے ۔ ریاست میں جی ایس ٹی کی عمل آوری کا ذکر تے ہوئے ڈاکٹر درابو نے کہا کہ اس نئے ٹیکس نظام میں تکنیکی اور اوپریشنل رکاوٹیں درپیش ہیں تا ہم اس سے بھارتی اقتصادیات کو وفاقی درجہ حاصل ہوا ہے اور ملک کے تجارتی طریقہ کار میں بھی واضح تبدیلی رونما ہوئی ہے ۔ واضح رہے ڈاکٹر حسیب درابو کے علاوہ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سُشیل مودی ، مغربی بنگال کے وزیر خزانہ ڈاکٹر امت مترا ، کیرالہ کے وزیر خزانہ ڈاکٹر پی ایم فامس آئیذک کو ایف آئی سی سی کی دو روزہ سالانہ جنرل میٹنگ سے خطاب کرنے کی خصوصی دعوت دی گئی تھی ۔ سالانہ جنرل میٹنگ کا افتتاح کل یہاں وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا ۔ایف آئی سی سی کے صدر رہیش سی شاہ اور فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سنجے بھارو نے بھی اجلاس سے خطاب کیا ۔