ٹریجری نظام کی جدید میکنزم میں تبدیلی ڈائریکٹر جنرل اکاؤنٹس نے تیاریوں پر غوروخوض کیا

اڑان نیوز
جموں//ڈائریکٹر جنرل اکاؤنٹس اینڈ ٹریجریز الطاف حسن مرزا نے ریاست میں موجودہ ٹریجری نظام کو جدید پے اینڈ اکاؤنٹس آفس میکنزم میں تبدیل کرنے کیلئے تیاریوں پر غور و خوض کیلئے اجلاس طلب کیا ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر اکاؤنٹس اینڈ ٹریجریز ، سی اے او جموں ، مختلف محکموں کے سربراہان ، چیف انجینئران کے علاوہ چیمبر آف کامرس جموں ، ٹریڈ ایسوسی ایشن ، ٹھیکیدار انجمنوں کے رہنماؤں کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔ ڈی جی نے شرکاء کو نئے نظام کے فوائد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سرکاری ادائیگیوں کے عمل میں باقاعدگی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نئے نظام سے نہ صرف رشوت خوری کا قلع قمع ہو گا بلکہ اس سے ترقیاتی پروجیکٹ کی بروقت تکمیل بھی یقینی بنے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ ریاست میں ادائیگی نظام میں انقلابی اصلاحات لانے کی تجویز رکھتی ہے اور موجودہ نظام کو پی اے او نظام میں تبدیل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت نے ریاست میں نئے نظام کے قیام سے قبل تمام متعلقین سے مشاورت کرنے پر زور دیا ہے ۔ ڈی جی اکاؤنٹس اینڈ ٹریجریز نے اس موقعہ پر ایک مفصل پرذنٹیشن پیش کی اور مجوزہ نظام سے متعلق شرکاء کے سوالات کا جواب دیا ۔