کشتواڑ کے پسماندہ علاقوں میں عام زندگی مفلوج:کچلو حکومتی دعوے فضول مشق، بجلی کا کوئی شیڈیول نہیں

اڑان نیوز
کشتواڑ //سابق وزیر و نیشنل کانفرنس ایم ایل سی سجاد احمد کچلو نے ضلع کشتواڑ کے پسماندہ علاقوں میں برفباری و بارشوں سے پیدا مشکلات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ شدید برفباری سے مڑواہ، واڑون، دچھن و پاڈر کے درجنوں دیہات کا رابطہ بیرونی دنیا سے منقطع ہو چکا ہے جبکہ ان ملحقہ جات میں تیل خاکی، راشن و دیگر سہولیات کا فقدان ہے۔ پریس کے نام جاری بیان میں کچلو نے کہا کہ گزشہ دو روز سے جاری برفباری و مڑواہ، واڑون، دچھن و پاڈر میں بحرانی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ جہاں مسلسل برفباری سے سڑک رابطے بند ہوئے ہیں وہیں بجلی کا بھی کوئی شیڈول نہیں ہے۔ کچلو نے کہاکہ ان علاقوں راشن، تیل خاکی ودیگر بنیادی سہولیات کی سخت کمی پائی جاتی ہے۔حکومتی دعوے کو فضول مشق قرار دیتے ہوئے کچلونے کہا کہ سرکار نے برفباری و بارشوں سے قبل ڈھنڈورا پیٹا تھا اور یہ دعوا کیا تھا کہ انتظامیہ و دیگر مشینری کو متحرک کیا ہے مگر ابھی صرف دوروز سے برفباری و بارش شروع ہوئی ہے اور لوگوں کو طرح طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سابق وزیر نے ضلع کشتواڑ کے ساتھ ساتھ خطہ چناب کے دیگر اضلاع میں بھی راشن، پانی، بجلی، ادویات ودیگر سہولیات بہم پہنچانے کی حکومت و انتظامیہ کو مشورہ دیا ہے کہ زبانی دعوے کم اور عملی کام پر زیادہ توجہ دی جائے تاکہ عوام کو راحت ملے گی۔