باغبانی شعبہ سے وابستہ رقومات منصفانہ طریقے سے خرچ کئے جائیں :بخاری

اڑان نیوز
جموں//باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے کل متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ باغبانی شعبے سے متعلق رقومات کومنصفانہ طریقے پر صرف کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ باغبانی شعبے کی سکیموں کا فائدہ ان تمام لوگوں تک پہنچے جو اس سے وابستہ ہیں۔ وزیر موصوف آج موجودہ مالی سال کے دوران رقومات کامصرف کا جائزہ لینے کے سلسلے میں افسروں کی ایک میٹنگ صدارت کر رہے تھے۔وائس چیئرمین سٹیٹ ہارٹیکلچر بورڈ عبدالسلام ریشی ، سیکرٹری محکمہ باغبانی منظور احمد لون ودیگر متعلقہ افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر جو ایم آئی ڈی ایچ کے مشن ڈائریکٹر بھی ہیں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔وزیر نے محکمہ منصوبہ بندی کی طرف سے واگزار کئے گئے رقومات اور مختلف سکیموں کے تحت حکومت ہند کی طرف سے فراہم کی جارہی رقومات کا صحیح تصرف کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے افسروں کو ہدایت دی کہ التوا میں پڑی بلوں کو فوری طور جائز طریقے پر نمٹائیں۔بشارت بخاری نے اس موقعہ پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کئی تاجر وں کے ساتھ بھی بات چیت کی جنہوں نے وزیر کو اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر نے ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر کو ہدایت دی کہ وہ باغبانی سے وابستہ لوگوں کے مسائل کا جائزہ لیں اور انہیں حل کرنے کے اقدامات کریں۔