وزیر مملکت سنیل شرما نے دچھن میں عوامی مسائل سنے پن بجلی پروجیکٹ کی تعمیر میں مقامی افراد کو پہلی ترجیحی دی جائے گی

نیوزڈیسک
کشتواڑ//وزیر مملکت برائے ٹرانسپورٹ وتعمیرات عامہ سنیل کمار شرما نے کشتواڑ ضلع کی تحصیل دچھن کا دورہ کیا۔ انہوں نے سندر، سوئید، پنج دھارا اور جنک پور گاؤں میں عوامی شکایات ازالہ کیمپ منعقد کر کے لوگوں کی مشکلات سنیں۔ سیکٹورل افسران اور دیگر حکام بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔ان میٹنگوں میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے اپنے مسائل ومطالبات وزیر موصوف کی نوٹس میں لائے۔ سڑک شعبہ سے متعلق لوگوں نے وزیر موصوف سے کہاکہ پی ایم جی ایس وائی حکام کو ہدایات دی جائے علاقہ میں زیرتعمیر واحد سڑک کے کام میں سرعت لائی جائے۔ انہوں نے دیہی علاقوں میں نئے ہیلتھ مراکز کی منظوری اور موجودہ ہیلتھ سینٹرز کی تجدید کا مطالبہ کیا۔ پنج دھارا گاؤں میں کیمپ کے دوران لوگوں نے علاقہ کو اعلیحدہ تعلیمی زون قرار دینے اور منریگا کے تحت واجب الادا اجرتوں کی واگذاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے واٹر سپلائی اسکیم اور پانی کی ذخیرہ اندوزی کے لئے ٹینک تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے علاقہ میں پن بجلی پروجیکٹ شروع ہونے سے متاثر ہوئے کنبوں کی بازآبادکاری کے لئے آر آر پلان کی مناسب عمل آوری کی بھی مانگ کی۔ وزیر نے متعلقہ حکام کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں کہ لوگوں کی مشکلات کا ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے۔ سنیل کمار شرما نے کہاکہ پن بجلی پروجیکٹ کے شروع ہونے سے کشتواڑ ضلع کے نوجوانوں کو روزگار ملے گااور دچھن کے لوگوں کو ترجیحی دی جائے گی۔ دورہ کے دوران وزیر نے وی ایچ ایف موبائل کیمونی کیشن ٹاور کا بھی افتتاح کیا جوکہ علاقہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے جب کوئی ٹاور قائم کیاگیا ہو۔