انسانی حقوق کا تحفظ…؟ زخموں پر مرہم کی پالیسی اہمیت کی حامل :حق خان

اڑان نیوز
جموں//دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے آج کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے ہیلنگ ٹچ پالیسی انتہائی اہمیت کے حامل ہے اور اس پالیسی کو متعارف کرنے میں اہم رول سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید نے ادا کیا۔ایس کے آئی سی سی میں سٹیٹ ہیومن کمیشن کی طرف سے منعقد ہ ایک تقریب سے کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت ایس ایچ آر سی کو مضبوط اور اس کو بااختیار بنانے کی وعدہ بند ہے تاکہ کمیشن آزادانہ طریقے پر کام کر سکے اور انسانی حقوق کی پاسداری اور لوگوں کو انصاف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی سرپرستی میں ہیلنگ ٹچ پالیسی کو آگے لے جانے میں تمام تر اقدامات کر رہی ہے جس کو مرحوم مفتی محمد سعید نے متعارف کیا تھا۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ اس پالیسی کی بدولت ریاست میں ایک ساز گار ماحول پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔چیئرمین ایس ایچ آر سی جسٹس بلال نازکی اور چیف سیکرٹری بی بی وِیاس نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔ دیگر شخصیات جنہوںنے تقریب سے خطاب کیا ان میں ایس ایچ آر سی کے ممبران جنگ بہادر سنگھ جموال ، دلشادہ شاہین ،عبدالحمید ، سپیشل سیکرٹری لأ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، آئی جی پی کشمیر، ڈائریکٹرسکمز ، وائس چانسلر سینٹرل یونیورسٹی کشمیر شامل ہیں۔