بزرگ صحافی اوم صراف نہیں رہے آخری رسومات نہ ہوئیں کیونکہ جسم میڈیکل کالج کو وقف کر نے کئی وصیت کی تھی وزیر اعلیٰ نے تعزیت کا اظہار کیا

اڑان نیوز
جموں // کہنہ مشق و بزرگ صحافی اوم صراف ہفتہ کی صبح یہاں انتقال کر گئے ۔ ان کی عمر 95سال تھی ۔ ان کی آخری رسومات ادا نہیں کی گئیں کیونکہ انہوں نے اپنا جسم گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں کو وقف کرنے کی وصیت کر رکھی تھی ۔ وہ ریاست کے با با ئے صحافت ملک راج صراف کے فرزند تھے اور بچپن سے ہی اپنے والد کی طرف سے شروع کئے جموں و کشمیر کے پہلے اخبار ” رنبیر “ ہو گئے تھے ۔ 1942میں گریجویشن کرنے کے بعد انہوں نے صحافت کو اپنا اوڑھنا و بچھونا بنانے کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کئی موقر ملکی اخبارات اور غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے لئے کام کیا جن میں ” آنند بازار پتریکا “ ” سٹیسمین “ ” اے ایف پی “ ” رائٹر “ وغیرہ شامل ہیں ۔ البتہ اپنی آزاد فطرت کے باعث انہوں نے کبھی کسی اخبار یا ایجنسی کے ساتھ بطورِ کل وقتی کام نہیں کیابلکہ جز وقتی نمائندہ رہے ۔ آنجہانی صراف انتہائی روادار ، انسان دوست اور ہمدرد شخصیت کے مالک تھے اور ہمیشہ نوجوان صحافیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے علاوہ ان کی رہنمائی کر تے تھے ۔انہوں نے ریاست میں کئی اخبارات شروع کرنے میں مدد کی ۔ آنجہانی اوم صراف نیشنل کانفرنس کے بانیوں میں بھی شامل تھے لیکن بعد میں 1954میں آچاریہ کرپلانی کی طرف سے قائم کی جانے والی جماعت پرجا سوشلسٹ پارٹی کے بانی ممبر بن گئے ۔اسی پارٹی کے ٹکٹ پر انہوں نے1962میں پہلا الیکشن سرینگر کے امیرا کدل اسمبلی حلقہ انتخاب سے لڑا اور اس وقت کی شدید رکاوٹوں کے باوجود 1000سے زائد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔آخری الیکشن انہوں نے اودہم پور پارلیمانی حلقہ انتخاب سے لڑا تھا لیکن ناکام ہو گئے تھے ۔ آنجہانی صراف ریاست میں مولانا مسعودی کے ساتھ جنتا پارٹی کے بانیوں میں سے تھے ۔انہیں قانون ساز کونسل کی رکن بھی بنا یا گیا ۔آنجہانی اوم صراف اپنی پیڑھی کے آخری صحافی و دانشور تھے جنہوں نے سماجی و سیاسی میدان میں ان مٹ نقوش چھوڑے ۔پسماندگان میں سینئر صحافی پُشپ صراف ، سبھاش صراف ، بیٹیاں ، پوتے و دوہتے شامل ہیں۔ اس دوران وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اوم صراف کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے ریاست میں صحافت کے شعبے¿ میں آنجہانی کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے صحافت کے شعبے¿ میں ایک ایسا خلا پیدا ہوا ہے جس کو پُر کرنا نہایت ہی مشکل ہے۔محبوبہ مفتی نے سوگوار خاندان بالخصوص اُن کے فرزند پُشپ صراف کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔