ریاست میں ای پی ڈی ایس کی موثر عمل آوری پر زور ذوالفقار نے راشن کارڈوں کی فوری تقسیم کاری کی ہدایت دی

اڑان نیوز
جموں//خوراک ، امور صارفین اور شہری رسدات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کل یہاں ایک میٹنگ کے دوران ریاست میں ای پی ڈی ایس نظام کی موثر عمل آوری کا جائیزہ لیا اور ہدایت دی کہ اس نظام میں حائل کسی بھی رکاوٹ کو جلد از جلد دور کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ رہ گئے افراد کو پی ایچ ایچ زمرے میں لایا جانا چاہئیے تا کہ کوئی بھی شخص راشن سے محروم نہ ہو اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مستحق افراد ہی مناسب جانچ کے بعد فہرست میں شامل کئے جا سکیں ۔ اس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ جموں صوبہ میں 698380 راشن کارڈ صارفین میں تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ وادی میں 800 نئی فئیر پرائس دوکانوں نے اپنا کام کاج شروع کیا ہے انہوں نے متعلقہ افسروں سے کہا کہ وہ 5 دسمبر 2017 کو باقی کارڈ تقسیم کریں اور مغربی پاکستانی ریفیوجیوں کیلئے راشن کارڈ تیار کرنے کا عمل شروع کریں ۔ انہوں نے ملازمین کی حاضری کے بارے میں بھی تفاصیل طلب کیں ۔ انہیں بتایا گیا کہ کشمیر صوبہ میں کُل 63644 جبکہ جموں صوبہ میں 38197 مستحقین کی7 نومبر 2017 سے 23 نومبر 2017 تک آدھار سیڈنگ مکمل کی گئی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو صد فیصد آدھار سیڈنگ یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ اس دوران بتایا گیا کہ 6071 فئیر پرائس دوکانوں کی میپنگ مکمل کی گئی ہے اس کے علاوہ 52190 دوکانوں کی ویجی لینس مانیٹرنگ کمیٹی کی تفاصیل بھی پورٹل پر مکمل کی گئی ہے ۔ اس موقعہ پر متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔