پونچھ حدِ متاکہ پھر گرم گولہ باری میں اہلکار ، قلی ہلاک 6اہلکار شدید زخمی ، اودہم پو ر کمانڈ ہسپتال منتقل

پرتپال سنگھ
پونچھ // کنٹرول لائن پر جمعرات کو بھارت اور پاکستانی افواج کے درمیان شروع ہونے والی شدید گولہ باری میں فوج کا ایک اہلکار اور فوج کے ساتھ کام کر رہا ایک قلی ہلاک ہو گئے جب کہ 6اہلکار شدید زخمی ہو گئے جنہیں کمانڈ ہسپتال اودہم پور منتقل کیا گیا ہے ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے صبح 10بج کر 35منٹ پر کرشنا گھاٹی ، کھڑی کرماڑہ اور گلپور سیکٹر کی بھرم پچ، کنجن، راملو اور بیگم اگلی چوکیوں پر پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے دوران پہلے انہوں نے چھوٹے اور آٹو میٹک ہتھیاروں کا استعمال کیا اور بعد میں مارٹر گولے داغنا شروع کئے ۔اس طرف سے بھی بلا اشتعال گولہ باری کا بھر پور جواب دیا گیا ۔ اس دوران سپاہی ٹی کے ریڈی ( عمر 21سال ) اور محکمہ دفاع کا ایک قلی محمد زبیر ( عمر 22سال ) شدید زخمی ہو گئے اور بعد میں دم توڑ گئے ۔ اس دوران 6اہلکار زخمی ہو گئے ہیں جن کو فوج کے ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ریڈی کا تعلق آندھرا پردیش میں ضلع پرکاسم کے وبولا پورم گائوں سے تھا اور پسماندگان میں صرف اس کی ماں ہے ۔ ہلاک شدہ قلی زبیر کا تعلق ضلع راجوری کے کلائی گائوں سے تھا ۔ زخمیوں کی شناخت نائیک روپنار بابا صاحب جانا کو عمر 35سال ساکن ضلع احمد نگر مہاراشٹر، تامل ناڈو کے نائیک آر مونتھو پونڈی عمر 44سال، ضلع سولہ پور مہاراشٹر کے 34سالہ سپاہی کیدر گوری ، سپاہی نتیش نارے عمر 25سال اور 5 سپاہی نرندرا کمار عمر 22سال ساکن چھتیس گڑھ کے طور ہوئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق تمام زخمی اہلکاروں کی حالت کافی نازک ہے اور انہیں علاج کیلئے کمانڈ ہسپتال ادھمپور منتقل کر دیا گیا ہے۔