مینڈھر میں کنٹرول لائن کے نزدیک نوجوان پُر اسرار گولی لگنے سے زخمی

طارق خان
بالاکوٹ// سرحدی تحصیل منکوٹ کے بلنوئی علاقہ مین جمعہ کے روز ایک نوجوان اس وقت پر اسرا ر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جب وہ اپنے کھیتوں میں گھاس کاٹ رہا تھا ۔ اس کی ٹانگ میں گولی لگی ہے اور اسے سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں بھرتی کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق 11ویں جماعت کا طالب علم 16سالہ محمد یاسر و لد محمد شفیق سکنہ بلنوئی کنٹرول لائن کے قریب گھاس کاٹ رہا تھا کہ اس دوران اچانک کہیں سے ایک گولی آئی اور اس کی ٹانگ میں لگ گئی ۔اس کے گھرو الوں نے اسے فوری طور پر نزدیکی فوجی یونٹ کی دسپنسری میں پہنچایا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج چل رہا ہے ۔ گولی کے اسرار کا ابھی پتہ نہیںچل پایا ہے اور گھر والوں ے مطابق وہ باڑ بندی کے باہر کم از کم 200 کی دوری پر گھاس کاٹ رہا تھا جب کہ وہاں آس پاس دیگر کئی مزید لوگ بھی گھاس کاٹنے میں مشغول تھے ۔ مقامی لوگوں نے شک ظاہر کیا کہ گولی باڑ بندی پر تعینات کسی فوجی نے چلائی ہے تاہم ابھی تک سرکاری طور پر ابھی اس بارے کچھ نہیں کہا گیا ہے ۔ ایس ڈی ایم مینڈھر نے بتایا کہ زخمی نوجوان کو آرمی ہسپتال سے سب ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ابھی تک یہ معلوم نہیں ہے کہ گولی کہاں سے آئی ۔ انہوں ہا کہ معاملہ کی تحقیقات کے بعد ہی یقینی طور پر کچھ کہا جا سکتا ہے ۔