ہائی کورٹ جج کی گاڑی کھائی میں جا گری 2ذاتی محافظوں سمیت 4ہلاک رام بن کے قریب المناک حادثہ ، ناچلانہ میں ٹرک پلٹنے سے ایک زخمی

 

دانش وانی
بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر جمعہ کے روز رام بن کے نزدیک سیری میں ایک فارچونر کار گہری کھائی میں جاگرنے سے اس میں سوار 3افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ ایک نے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں مین پہنچائے جانے کے بعد دم توڑ دیا ۔ حادثہ کی شکار گاڑی جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے جج جسٹس ہانجورہ کی تھی تاہم وہ خود اس میں موجود نہیں تھے ۔ ہلاک شدگان ان کے عملہ کے افراد تھے جن میں سے 2ان کے ذاتی محافظ تھے ۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ حادثہ جمعہ کی صبح10 بجے کے قریب اْس وقت پیش آیا جب جسٹس ہانجورہ کی فار چونر (ایس یو وی ) گاڑی زیر نمبر JK-2BB-6686 سرینگر سے جموں کی طرف جا رہی تھی کہ رام بن کے قریب سیری اور کیلا موڑ کے درمیان سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری ۔ذرائع نے بتایا کہ جسٹس ہانجورہ خود بذریعہ جہاز جموں کی طرف روانہ ہوئے تھے جبکہ ان کے دو ذاتی محافظ ، باورچی اور ڈرائیوراس بد قسمت گاڑی میں جا رہے تھے ۔ حادثہ میں چاروں کی موت واقع ہو گئی ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی کیو آر ٹی رضاکار ،پولیس اور دیگر لوگ جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور بچائو کارروائیاں شروع کر دیں ۔ انتہائی دشوار جگہ ہونے کے باعث کافی کوشش کے بعد گہری کھائی میں پڑی گاڑی تک رسائی ہوئی اور اس مین سے چاروں کو نکال کر ضلع ہسپتال پہنچایا گیا جہاں داکٹروں نے 3کو مردہ قرار دیا ۔ سی آر پی ایف 21بٹالین سے وابستہ ایک اہلکار ، جس کی شناخت اجیت کمار ساکنہ اتر پردیش کے طور پر ہوئی ، کافی زخمی حالت میں تھا ۔ ڈاکٹروں نے ابتدائی علاج کے بعد اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں کے لئے ریفر کر دیا ۔ اسے بذریعہ ہیلی کاپٹر جموں پہنچایا گیا تاہم وہاں سے نے زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ دیا ۔ موقع پر ہی ہلاک ہونے والوں میںڈرائیور ونود کمار ساکنہ مٹھی دومانہ جموں ،باورچی حکم چند ساکنہ رام نگر اودہم پور اور سی آر پی اہلکار سْنیل کمار ساکنہ اْترپردیش شامل ہیں۔ پولیس نے تمام قانونی لوازامات مکمل کر نے کے بعد مہلوکین کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں جبکہ سی آر پی اہلکاروں کی لاشیں ان کی بٹالین کے سپرد کی جا رہی ہیں ۔ اس ضمن میں پولیس تھانہ رام بن میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔دریں اثناء شاہراہ پر ناچلانہ کے مقام پرسیبوں سے لدا ایک ٹرک سڑک کے کنارے پلٹ گیا ۔اس حادثے میں کنڈیکٹر کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں جبکہ ڈرائیور بچ نکلا ۔ذرائع کے مطابق سیب کی پیٹیوں سے بھرا ٹرک ٹرالہ نمبر UP12T-2964 شاہراہ پر ناچلانہ کے مقام پلٹ گیا تاہم اس میں سوار ڈرائیور اور کنڈیکٹر بچ گئے – ٹر ل پلٹ جانے کی وجہ سے شاہراہ پر کچھ دیر تک ٹریفک جام بھی لگا رہا جسے بعد میں ٹریفک پولیس نے کلیر کر دیا ۔