ممبئی میں دردناک حادثہ لوکل ریلوے سٹیشن کے پل پربھگڈر،22مسافرہلاک

یو این آئی
ممبئی// جمعہ کے روز یہاں مرکزی وزیر ریلوے پیوش گوئیل کی آمد سے چند گھنٹے قبل صبح تقریباً ساڑھے 9اور 10بجے کے درمیان ویسٹرن ریلوے کے الفیسٹن ریلوے اسٹیشن کے فٹ اوورپل پر چڑھنے کے دوران مچی بھگڈر کے نتیجے میں22افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 22مسافروں کو نزدیکی کنگ ایڈورڈ میموریل (کے ای ایم ) اسپتال میں داخل کیا گیا ،جن میں نصف شدید طورپر زخمی ہیں۔الفیسٹن ریلوے اسٹیشن ویسٹرن ریلوے کااورپریل سینٹرل ریلوے کالوکل اسٹیشن ہے اور دونوں کو ایک فٹ اوورپل جوڑتا ہے ۔چندسال میں آس پاس کے علاقوں میں تجارتی دفاتر کھل جانے کے سبب یہاں مسافروں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے جبکہ سینٹرل ریلوے نے پریل اسٹیشن ٹرمنل بھی بنادیا ہے ،لیکن فٹ اوورپل کی کمی اور اس کی چوڑائی کو کشادہ کرنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔ فی الحال اسے ایک بڑا حادثہ قراردیا گیا ہے کیونکہ پہلی بار ممبئی کے کسی لوکل اسٹیشن پر بھگڈر کی وجہ سے اتنا بڑا حادثہ پیش آیا ہے ۔دونوں اسٹیشن دادرٹرمنل کے جنوبی سمت میں واقع ہیں ۔ پولیس کے مطابق ممبئی میں بھاری بارش کے درمیان اسٹیشن کا سمینٹ کا شیڈگرنے کی افواہ کے بعداپنی جان بچانے کی کوشش میں بھگڈر مچ گئی اور مسافر ایک دوسرے پر گرتے چلے گئے ۔وزیرریلوے ہوائی اڈے سے ولے پارلے اسٹیشن پہنچنے والے تھے اور وہاں انہیں ایک لوکل ٹرین میں ویسٹرن ریلوے کے ہیڈکوارٹرز چرچ گیٹ اسٹیشن تک سفرکرنا ہے ،جہاں وہ زائد لوکل شروع کرنے کا اعلان کرنے والے ہیں اور دوسرا پروگرام سینٹر ل ریلوے کے سی ایس ٹی پر دوپہر 3بجے ہونے والا ہے ۔