رام بن میں آرمڈ پولیس گاڑی چناب میں جا گری،ڈرائیور لا پتہ کشتواڑ میں صبح کی سیر کر رہی خاتون کو تیز رفتار ٹرک نے کچل دیا

دانش محمد +ذوالفقار علی
بانہال+کشتواڑ // جموں سرینگر شاہراہ پررام بن قصبہ کے کہو باغ کے قریب آرمڈ پولیس کی ایک گاڑی سڑک سے لڑھک کر دریائے چناب میں جا گری ۔ ابھی تک کسی کی لاش بر آمد نہیں ہوئی ہے البتہ پولیس کا کہنا ہے کہ اس میں اکیلا ہی ڈرائیور سوار تھا جو ابھی لاپتہ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ رات کے کسی حصہ میں یا علیٰ الصبح ہوا ہے ۔ صبح جب پولیس کو اس کی اطلاع ملی تو رام بن پولیس تھانہ سے ایک ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی ۔گاڑی کو بذرےعہ کرین درےا سے نکالا گےا تاہم اس میں چند سفری بیگوں کے علاوہ کچھ برآمد نہ ہو سکا ۔ذرائع نے بتایا کہ آرمڈ پولیس کی گاڑی زیر نمبر JKO2AR-0493 جو سرینگر سے جموں کی طرف جا رہی تھی، کہو باغ کے قریب حادثہ کا شکار ہو کر دریائے چناب کے کنارے جا گری ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ آرمڈ پولیس ہیڈ کوارٹر سے رابطہ کر نے پر یہ تصدیق ہوئی ہے کہ اس میں اکیلا ڈرائیور تھا جس کی شناخت سبھاش چند ر بیلٹ نمبر50/J اکھنور جوڑیاں کے طور پر ہوئی ہے ۔ ایک پولیس آفیسر نے نام ظاہر نہ کر نے کی شرط پر بتا یا کہ ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ ڈرائیور حادثہ کے وقت فرار ہو گیا یا اس کی لاش دریا کے تیز بہاﺅ میں بہہ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے تلاشی مہم جاری رکھی ہوئی ہے ۔ دریں اثناکشتواڑ میں ایک تیز رفتار ٹرک نے راہ چلتی60سالہ سومی دیوی زوجہ پورن چند نامی خاتون کو اپنی زد میں لاکر بری طرح سے کچل ڈالا جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔یہ حادثہ کشتواڑ اننت ناگ شاہراہ پر قصبہ کشتواڑ سے2کلومیٹر دور سنگرام بھاٹا کے نزدیک اُس وقت پیش آیا جب مذکورہ خاتون صبح کی چہل قدمی کررہی تھی۔پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹرک کو اپنی تحویل میں لیا اور ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔