سانبہ کے ضلع ترقیاتی بورڈ نے 92.67کروڑ روپے کے سالانہ منصوبے کو منظوری دی رقومات کے زیادہ سے زیادہ تصرف اور سکیموں کی عمل آوری کے دوران شفافیت لانے کی ضرورت پر نائب وزیرا علیٰ کا زور ضلع بجٹ کیلئے اضافی 5کرو ڑروپے کا اعلان

جموں؍نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ ترقیاتی عمل کے لئے مختص رقومات کا زیادہ سے زیادہ تصرف یقینی بنایاجانا چاہئے تاکہ مختلف فلاحی سکیموں کا فائدہ عام لوگوں تک پہنچ سکیں ۔ا نہوںنے عمل آوری کے عمل میں شفافیت لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ نائب وزیراعلیٰ سانبہ ضلع کے ترقیاتی بورڈ کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ بورڈ نے سال 2017-18ء کے لئے ضلع کے 92.67کروڑروپے کے سالانہ منصوبے کو منظوری دی۔میٹنگ میں صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا، ارکان قانون سازیہ ڈاکٹر دویندر منیال ، کلدیپ راج ، ماسٹر نور حسین، شیام لعل بھگت، وائس چیئرمین سوشل ویلفیئر ایڈوائزری بورڈ ڈاکٹر نرمل کمل ، وائس چیئرمین ایس سی بورڈ بھوشن ڈوگرہ ،وائس چیئرمین او بی سی ویلفیئر ایڈوائزری بورڈ رشپال ورما، ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر پون کوتوال ، ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ شیتل نندہ کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔نائب وزیرا علیٰ نے مختلف شعبوں میں حاصل کی گئی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے منصوبے مرتب کرنے کے دوران عوامی نمائندوں کو بھی اعتماد میں لینے کی ضرورت کو اُجاگر کیاتاکہ کسی بھی رکاوٹ کو دور کیا جاسکے ۔انہوںنے افسروں سے کہا کہ وہ عوام کو ترقیاتی پروگراموںکی عمل آوری کے کام میں شامل کریں۔انہوں نے کہاکہ ترقیاتی کاموں اور فلیگ شِپ کاموں کووقت پر مکمل کیا جاناچاہئے تاکہ اخراجات میں اضافہ نہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی مخصوص ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے جامع ڈی پی آر تیار کیا جانا چاہئے۔انہوںنے کہا کہ سیکٹورل افسروں کو لگاتار سکیموں کی عمل آوری پر نظر گزر رکھنی چاہئے۔اس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے سانبہ میں صنعتوں کے لئے 320ایم وی اے صلاحیت والے گرڈ سٹیشن کا بھی اعلان کیا جس سے پاور گرڈ کارپوریشن دو برسوں کے اندر 80.50کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کرے گی۔انہوںنے کہا کہ گگوال ، راجپورہ اور گرہ سلاتیاں کو میونسپل حدود میںلانے پر حکومت غور کر رہی ہے۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ضلع بجٹ کیلئے اضافہ 5کروڑ روپے کا اعلان کیاجس میں 2کروڑ روپے فوری طور سے جبکہ مزید 3کروڑ روپے ایک ماہ کے اندر اندر واگذار کئے جائیں گے۔صنعت و حرفت کے وزیرچندر پرکاش گنگانے میٹنگ سے خطاب کیا اور کہا کہ ضلع میں ہاتھ میںلئے گئے ترقیاتی کاموں میں سرعت لائی جانی چاہئے تاکہ انہیں مقررہ مدت کے اندر اندر مکمل کیا جاسکے۔وزیرموصوف نے کھیل کے میدانوں کو بڑھاوا دینے کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوںنے افسروں سے کہا کہ وہ مختلف شعبوں میںہاتھ میںلئے گئے کاموں کے معیار کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ عوام کی توقعات کو پورا کرنے کے لئے اقدامات کریں۔کئی وائس چیئرپرسنز اور ارکان قانون سازیہ نے بھی میٹنگ سے خطاب کیا اور اپنے اپنے علاقوں اور اداروں کے مسائل اُبھارے ۔میٹنگ کے دوران سانبہ کی ضلع ترقیاتی کمشنر نے سال 2016 کے دوران حاصل کی گئی پیش رفت کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے صحت ، تعلیم ،ہنر مندی اور دیگر شعبوں میں ہور ہی ترقی کے مختلف پہلوئوں کو بھی اُجاگر کیا۔