اننت ناگ میں بھیانک آگ کروڑوں کی املاک راکھ ، کئی کنبے متاثر

اسلام آباد// چینی چوک اسلام آباد میں شبانہ بھیانک آگ واردات میں13 رہائشی مکانات اور18دکانات خاکستر ہوئے ۔آگ کی اِس واردات میں کروڑوں روپے مالیت کی اِملاک راکھ کے ڈھیرمیں تبدیل ہوئی جبکہ40سے زائدافراد پر مشتمل کئی کنبے متاثر ہوئے ہیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر اِسلام آباد محمد یونس ملک نے کہا کہ محکمہ مال کو آگ کی وجہ سے ہوئے نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایت دی گئی جبکہ متاثرین کی باز آبادکاری کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔جنوبی قصبہ اسلام کے تجارتی مرکز چینی چوک کے ریشی محلہ میں اتوار اور پیر کی شب آگ کی ایک ہولناک واردات میں کئی دکانیں اور متعدد رہائشی مکانات خاکستر ہوئے ۔رات ساڑھے3بجے کے قریب ریشی بازار اسلام آباد میں اچانک آگ کی لپٹیں نمودار ہوئیں ،جس نے آناً فاناً نزدیکی کی عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ۔نمائندے کے مطابق ریشی بازار تجارتی لحاظ کا فی اہمیت کا حامل ہے اور یہ علاقہ گنجان آبادی والا بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں یہاں کئی دکانیں اور کاروباری مرکز ہیں ،وہیں اس علاقے میں لوگوں کی ایک خاصی تعداد بھی مقیم ہے ۔انہوں نے عینی شاہدین کا حوالہ دےتے ہوئے بتایا کہ رات کی تاریکی میں جب یہاں آگ کی لپٹیں نمودار ہوئیں ، تواُس وقت لوگ گہری نیند میں تھے ۔عینی شاہدین کے مطابق جونہی کچھ افراد کی نیند آگ کی وجہ سے ٹوٹ گئی ،تو انہوں نے مدد کےلئے آوازیں لگائیں اور دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں کی خاصی تعداد یہاں جمع ہوئی ،جس دوران یہاں رقعت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے ۔لوگوں نے پہلے مرحلے پر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی ،لیکن وہ ناکام رہے جسکے ساتھ ہی فائر اینڈ ایمر جنسی عملے کو مطلع کیا گیا ۔نمائندے کے مطابق فائر اینڈ ایمر جنسی عملہ اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچا گیا اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کیں ۔نمائندے کے مطابق کم ازکم 6فائر اینڈ ایمر جنسی کی آگ بجھاﺅ گاڑیاں یہاں پہنچی ،اور فائر اینڈ ایمر جنسی عملے نے مقامی نوجوانوں اور پولیس کی مدد سے قریب2گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔تاہم آگ کی اس ہولناک اور بھیانک واردات میں18دکانات اور13رہائشی مکان خاکستر ہوئے ۔معلوم ہوا ہے کہ6عمارات مکمل طور پر خاکستر ہوئیں جن میں18دکانات اور13 رہائشی مکانات شامل ہے۔آگ اِس واردات میں کروڑوں روپے مالیت کی اِملاک راکھ کے ڈھیرمیں تبدیل ہوئے ۔محکمہ مال سے موصولہ اطلاع کے مطابق ریشی بازار اسلام آباد میں آگ کی شبانہ واردات میں7مکانات خاکستر ہوئے جن میں سے2رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوئے جبکہ5رہائشی مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ۔جن شہریوں کے رہائشی مکانات خاکستر ہوئے ،اُن میں فاروق احمد ولد عبدالرحمان ،اویس امین ولد محمد امین ،عائشہ بیگم زوجہ محمد مقبول،شمی کمار ولد راکیش کمار ،عبدالرشید صوفی ولد محمد عبداللہ ،مشتا ق احمد ولد عبد المجید اور فاروقہ بانو دختر عبدالمجید شامل ہیں ۔محکمہ مال کے مطابق 6رہائشی مکانات سہ منزلہ اور ایک دو منزلہ ہے ۔اِن رہائشی مکانات میں41افراد پر کئی کنبے رہائش پذیر ہیں ،جو متاثر ہوئے ہیں ۔