سپریم کورٹ کولجیم کی جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے لئے4نئے ججوں کی تعیناتی کو منظوری

سپریم کورٹ کولجیم کی جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے لئے4نئے ججوں کی تعیناتی کو منظوری
ایڈوکیٹ سندھو شرما، وسیم صادق نرگال، نذیر احمد بیگ اور افسر رشید علی ڈار کو ہری جھنڈی
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس جسٹس دیپک مشرا ، جسٹس جے چیلمیشور اور جسٹس رانجن گگوئی پر مبنی کولجیم نے جموں وکشمیر ہائی کورٹ میں نئے ججوں کی تعیناتی کو ہری جھنڈی دے دی ہے۔ 6اپریل2018کوعدالت عظمیٰ کے تین رکنی کولجیم نے ایڈدوکیٹ وسیم صادق نرگال، ایڈووکیٹ سندھو شرما، ایڈووکیٹ نذیر احمد بیگ اور جوڈیشل افسر رشید علی ڈار کے ناموں کو ہری جھنڈی دی ۔مذکورہ چار ججوں کی تعیناتی کے ساتھ ایک تاریخ بھی رقم ہونے جارہی ہے۔ پہلی مرتبہ ایک خاتون وکیل جج بنے گی اور ساتھ ہی صوبہ جموں سے پہلا مسلم وکیل ہائی کورٹ کا جج ہوگا۔ 24اگست2017کو اس وقت کے جموں وکشمیر چیف جسٹس نے ایڈوکیٹ وسیم صادق نرگال، نذیر احمد بی، سندھو شرما، شوکت احمد مکرو اور جوڈیشل افسر رشید علی ڈار کے ناموں کی سفارش کی تھی۔ کولجیم نے شوکت احمد مکرو ایڈووکیٹ کو جج بنانے کے پرپوزل کو فی الحال موخر کردیاہے۔سپریم کورٹ کولجیم نے مذکورہ پانچ ناموں کو جج بنانے کے حوالہ سے فائل کا جائزہ لیتے ہوئے کہاکہ مذکورہ چار وکلاءاور ایک جوڈیشل افسر کوہائی کورٹ کا جج بنانے کے لئے تمام لوازمات کی باریک بینی سے چھان بین کی کہ آیاوہ اس عہدہ کے لئے موزوں ہیں یا نہیں۔ اس حوالہ سے جموں وکشمیر کے گورنر اور وزیر اعلیٰ جموں وکشمیر کا نقطہ نظر،سفارشات اور رپورٹ کے خلاف شکایات، انٹیلی جنس ایجنسیوں کا تبصرہ، ان کی عمر، آمدنی، شائع اور غیر شائع شدہ فیصلوں کی صورتحال اور محکمہ انصاف کے مشاہدات شامل ہیں۔ رشید علی ڈار جوڈیشل افسر کا جہاں تک تعلق ہے،کا سروس ریکارڈ اور ’Judgment Assessment Committee‘ کی رپورٹ کا جائزہ لیاگیا۔ علاوہ ازیں اسامی خالی ہونے تک ان کی عمر58-1/2سال تھی، لہٰذا وہ کوالیفائی کرتے ہیں۔کولجیم نے وسیم صادق نرگال،
نذیر احمد بیگ، سندھو شرما اور رشید اعلیٰ ڈار جموں وکشمیر ہائی کورٹ میںجج تعینات ہونے کے لئے موزوں قرار دیتے ہوئے منظوری دے دی ۔ ان کی سنیارٹی موجودہ پریکٹس کے حساب سے فکس کی جائے گی۔ رشید علی ڈار اس وقت پرنسپل ڈسٹرکٹ سیشن جج سرینگر ہیں۔ ایڈووکیٹ سندھو شرما جموں وکشمیر ہائی کورٹ جموں ونگ میں اسسٹنٹ سالیسٹر جنرل آف انڈیا ہیں۔ وہ ریاست کی پہلی خاتون وکیل بی ہیں جواسسٹنٹ سالیسٹر جنرل آف انڈیا تعینات کی گئی ہیں۔ ایڈوکیٹ وسیم صادق نرگال اس وقت سنیئر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل ہیں۔ ان کے پاس محکمہ داخلہ بھی رہا ہے۔ نذیر احمد بیگ کی دوسری مرتبہ ہائی کورٹ کولجیم نے سفارش کی تھی۔ اس سے قبل جنوری 2014میں اس وقت کے چیف جسٹس ایم ایم کمار نے بھی نذیر احمد کے نام کی سفارش کی تھی لیکن فائنل لسٹ میں وہ جگہ نہیں پاپائے تھے۔