گپٹل کی جارحانہ اننگز،نیوزی لینڈ دوسرے ون ڈے میں بھی فاتح

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔نیلسن میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 246 رنز بنائے تاہم بارش کی وجہ سے نیوزی لینڈ کی اننگز 25 اوورز تک محدود کر دی گئی ہے اور اسے فتح کے لیے 151 رنز کا ہدف ملا جو اس نے باآسانی دو وکٹوں کے نقصان پر 24ویں اوور میں حاصل کر لیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 71 گیندوں پر 86 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ان کے علاوہ راس ٹیلر نے 45رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کو اپنی اننگز کے پہلے اوور میں نقصان اٹھانا پڑا جب محمد عامر کی گیند پر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کولن منرو صفر پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 47 رنز پر گری جب کپتان کین ولیمسن کو فہیم اشرف نے آؤٹ کیا۔ ولیمسن نے 19 رنز بنائے۔
اس کے بعد گپٹل اور ٹیلر نے 104 رنز کی شراکت قائم کی اور مزید کسی نقصان کے بغیر اپنی ٹیم کو فتح دلوا دی۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹوں کے نقصان پر246 رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم کو اپنی اننگز کے آغاز پر ہی مشکلات کا سامنا رہا اور اوپنرز اظہر علی اور امام الحق 14 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔تاہم مڈل آرڈر میں محمد حفیظ اور بعد میں شاداب اور حسن علی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نیوزی لینڈ کو ایک قابلِ ذکر ہدف دینے کے قابل ہوا۔
پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ