انجینئروں کی مدد سے کی گئی چھیڑ چھاڑ ہاردک پٹیل نے ای وی ایم پر پھر اٹھایا سوال

یو این آئی
احمد آباد// پاٹیدار آرکشن آندولن سمیتی (پی اے اے ایس) کے لیڈر ہاردک پٹیل نے آج ایک بار پھر الزام لگایا کہ گجرات میں ای وی ایم میں چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ ہاردک نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ وہ پہلے سے ہی کہہ رہے ہیں کہ اگر اے ٹی ایم میں ہیکنگ ہوسکتی ہے، تو ای وی ایم میں کیوں نہیں ہوسکتی؟ متعدد سیٹوں پر بی جے پی کو جیت دلانے کے لئے ووٹنگ مشینوں میں ہیکنگ کی کئی ہے۔ پٹیل برادری کی اکثریتی سیٹوں پر جان بوجھ کر ایسا کیا گیا ہے۔ایگزٹ پول میں بی جے پی کو 115 سے 125 سیٹیں دکھانے کے بعد یہ تقریبا 100 سیٹوں سے جیت رہی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خفیہ طورپر احمد ٓباد کی ایک سافٹ ویئر ڈیولوپنگ کمپنی جو بی جے پی سے قریبی تعلق رکھتی ہے، اس کے انجینئروں کی مدد سے ای وی ایم میں چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ متعدد سیٹوں پر ہار جیت کا فرق ایسا ہے، جس پرشبہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹیل اکثریتی علاقوں سورت، راجکوٹ اور احمد آباد شہر کے مشرقی علاقے میں بی جے پی کی جیت سمجھ سے باہر ہے اور اس لئے ان علاقوں میں ای وی ایم پر شک ہوتا ہے۔ہاردک پٹیل نے کہا کہ خواہ کسی کی بھی حکومت بنے، ان کی تحریک پھر سے پانچ دنوں میں شروع ہوجائے گی اور اس کے لئے وہ جیل جانے کو بھی تیار ہوں۔