گیلانی دلی طلب

منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات میں توسیع
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے نوٹس جاری کی
سری نگر//منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کوتوسیع دیتے ہوئے مرکزی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سیدعلی گیلانی کے نام نوٹس جاری کردی ۔بزرگ مزاحمتی قائدکے قریبی حلقوں نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ سیدعلی گیلانی کو18دسمبرکے روزنئی دہلی میںEDدفترطلب کیاگیاہے ۔خیال رہے مبینہ منی لانڈرنگ اورحوالہ رقومات کے لین دین کیسوں کی تحقیقات کے پہلے مرحلے میں این آئی اے اورEDنے شبیراحمدشاہ ،الطاف شاہ،ایازاکبر،پیرسیف اللہ ،شاہدالاسلام اورمعروف کشمیری تاجرظہوروٹالی سمیت10کشمیریوں کوحراست میں لے رکھاہے اوریہ سبھی لوگ پچھلے کئی ہفتوں سے دلی کے ہائی سیکورٹی تہاڑجیل میں بندہیں ۔ رواں برس ماہ اگست کے اواخرمیں قومی تفتیشی ایجنسی ’اے این آئی ‘اورمرکزی تحقیقاتی ادارے ’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘نے پاکستان اوردیگرممالک سے مبینہ طورپررقومات حاصل کرنے کے الزامات کے تحت منی لانڈرنگ اورحوالہ اسکنڈل کی روشنی میں سری نگراورنئی دہلی میں الگ الگ چھاپوں کے دوران حریت کے دونوں دھڑوں سے وابستہ7لیڈروں بشمول نعیم احمدخان ،الطاف شاہ ،پیرسیف اللہ ،ایازاکبر،معراج الدین کلوال،شاہدالاسلام ،فاروق ڈارعرف بٹہ کراٹے کی گرفتاری 24اگست کوعمل میں لانے کے ایک روزبعد25اگست کوفریڈم پارٹی کے سربراہ شبیراحمدشاہ کوبھی حراست میں لے لیاجبکہ کچھ دنوں یاہفتوں بعدمعروف کشمیری تاجرظہوروٹالی ،سرینگرکے ایک تاجرمحمداسلم وانی ،جنوبی کشمیرکے فوٹوجرنلسٹ کامران یوسف اورجاویداحمدکوبھی گرفتارکیاگیا۔ان سبھی گرفتارشدگان سے اے این آئی اورانفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے افسروں نے کئی ہفتوں تک پوچھ تاچھ کی ،جسکے بعدباری باری ان کشمیریوں کوپٹیالہ کورٹ نئی دہلی میں پیش کرکے اُن کاریمانڈبھی حاصل کیاگیا۔کچھ گرفتارکشمیری نظربندوں کیخلاف متعلقہ تحقیقاتی وتفتیشی ایجنسیوں نے مذکورہ عدالت میں چارج شیٹ بھی داخل کیا،اوراسکے ساتھ ساتھ سبھی کشمیری مزاحمتی لیڈروں ،کارکنوں ،تاجروں اورفوٹوجرنلسٹوں کیخلاف ریمانڈکی معیادکوعدالت کے ذریعے توسیع دی گئی ۔اس دوران کچھ گرفتارافرادکی جانب سے دائرضمانتی درخواستوں کوبھی عدالت نے نامنظورکردیا۔کچھ ہفتوںتک مبینہ منی لانڈرنگ کیس کی بازگشت پھیکی یاکم پڑجانے کے بعداب مرکزی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے حریت کانفرنس(گ)کے چیئرمین سیدعلی گیلانی کے نام نوٹس جاری کردی ہے۔بزرگ مزاحمتی قائدکے قریبی حلقوں نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ سیدعلی گیلانی کو18دسمبرکے روزنئی دہلی میںEDدفترطلب کیاگیاہے ۔انہوں نے بتایاکہ EDنے سیدعلی گیلانی کوایک نوٹس بھیج دی ہے ،جس میں موصوف سے کہاگیاہے کہ رواں ماہ کی 18تاریخ خودکوانفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ہیڈآفس واقع نئی دہلی میں پیش کریں ۔