سانبہ میں روزگار میلے کا افتتاح 200نوجوانوں کو روزگار کے لئے منتخب کیاجائیگا

اڑان نیوز
سانبہ//صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے سانبہ میں ضلع ایمپلائمنٹ و کونسلنگ سینٹر کی طرف سے نیشنل کیئریر سروس پروگرا م کے تحت منعقد کئے گئے ایک روزگار میلے کا افتتاح کیا۔ڈی سی شیتل نندا ، ایس ایس پی سانبہ انیل منگوترہ کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے جبکہ کافی تعداد میں نوجوانوں نے اس میلے میں شرکت کی۔وزیر موصوف نے وہاں مختلف کمپنیوں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کا بھی معائینہ کیا ۔انہوں نے نوجوانوں کی بہبودی کے لئے دستیاب سکیموں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر نے پڑھے لکھئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آکر ان سکیموں اور پروگراموں سے استفادہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اس میلے کے ذریعے 200نوجوانوں کو روزگار کے لئے منتخب کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت ریاست میں صنعتی سیکٹر کو فروغ دینے کے لئے وعدہ بند ہے اور حکومت کئی نئے صنعتی یونٹ قائم کر رہی ہے تاکہ مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جاسکیں۔اس سے قبل انہوں نے بیر پور سانبہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کیا جہاں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے اپنے اپنے مسائل سے وزیر موصوف کو آگاہ کیا۔