کشمیر میں 27 سے 31 مارچ تک موسم نا موافق رہنے کا امکان

سرینگر//محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں 27 سے 31 مارچ تک موسم نا موافق رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کسانوں سے اس دوران باغوں یا کھیت کھلیانوں سے متعلق اپنے آپریشنز معطل رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔محکمہ موسمیات سری نگر کے ڈائریکٹر مختار احمد نے کہا کہ 27 مارچ سے دو مغربی ہوائوں کی لہریں یکے بعد دیگرے وارد وادی ہو رہی ہیں جس کے نتیجے میں 27 اور 28 مارچ کو کچھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ کچھ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 28 مارچ کی سہہ پہر سے 29 مارچ کی شام تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں دوسری مغربی ہوا کی لہر کے داخل ہونے کے باعث 29 مارچ کی شام سے 31 مارچ کی دوپہر تک پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔موصوف ڈائریکٹر نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعد میں وادی میں 31 مارچ کی سہہ پہر سے 5 اپریل تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ اس دوران باغوں اور کھیتوں سے متعلق آپریشنز معطل رکھیں اور یکم اپریل سے باغوں کی دوا پاشی و دیگر کام شروع کریں۔دریں اثنا وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں کہیں گراوٹ تو کہیں اضافہ درج ہوا۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت1.2  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت3.9  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت4.4  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت4.2  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا