2019کے بعد جموں وکشمیر میں بی جے پی کے اشارے پر نئی سیاسی جماعتیں بنائی گئیں:محبوبہ مفتی

سرینگر//جموں وکشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی(پی ڈی پی ) صدر محبوبہ مفتی نے جمعرات کے روز کہاکہ بھاجپا جموں وکشمیر کی اصل آواز کودباکر منظور نظر افراد کو پارلیمنٹ میں پہنچانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے پی ڈی پی کو توڑ کر نئی پارٹیاں تشکیل دیں۔ان باتوں کا اظہار محبوبہ مفتی نے اننت ناگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ سال 2019کے بعد جو پارٹیاں بی جے پی کے اشارے پر بنائی گئی ان کا واحد مقصد اصل آواز کو دبانا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ پی ڈی پی کو توڑ کر بھاجپانے نئی پارٹیوں کو وجود بخشا اور اب انہیں طاقت دینے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہیں۔ان کے مطابق بھارتیہ جنتاپارٹی کی جانب سے مجھے ، میری ماں اور بھائی کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے بار بار طلب کیا گیا۔حیرانگی کا مقام یہ ہے کہ چلہ کلان کی سردی کے دوران مجھے سرکاری کواٹر سے باہر نکالا گیا۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ پی ڈی پی سے سینئر لیڈران کو نکال کر بھاجپا نے نئی  پارٹیوں کو وجود بخشا۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کیا جا چکا ہے یہاں جو بھی حق کی صدا بلند کرتا ہے اس کو بزور طاقت دبایا جارہا ہے۔